کراچی( نصر اقبال ،اسٹاف رپورٹر) ایم کیو ایم پاکستان نے صدر مملکت اور دیگر آئینی عہدوں پر پی پی کے امیدوار کو ووٹ نہ دینے کا فیصلہ کرلیاہے ، رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں بیشتر اراکین نے واضح طور پر کہا ہے کہ پی پی کے حالیہ رویہ اور شہری سندھ کے مسائل میں عدم دل چسپی پر وفاق میں کسی بھی سطح پر پی پی کے ساتھ تعاون نہیں کیا جانا چاہئے ،ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کی مذاکراتی کمیٹی کے سامنے بھی اس بارے میں ایم کیو ایم نے اپنے اسی موقف کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہےکہ وفاق کی سطح پر ایم کیو ایم کا ن لیگ کے ساتھ معاہدہ ہے،پی پی کے ساتھ نہیں، صدارتی انتخابات کے حوالے سے ایم کیو ایم اپنی حکمت عملی جے یو آئی ف اور دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر بنائے گی، ایم کیو ایم کا کہنا ہے کہ اگر پی پی نے اس کی تین آئنی ترامیم پر ساتھ دینے کا اعلان کیا تو ایم کیو ایم اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرسکتی ہے،سندھ میں وزیر اعلی کے متفقہ انتخابات کے لئے پی پی اور ایم کیو ایم کے درمیان رابطے کا امکان ہےتاہم اس عہدے کے لئے ایم کیو ایم نے مقابلے میں جانے کا فیصلہ کرتے ہوئے اپنے منتخب رکن علی خورشیدی کو سامنے لانے کا اعلان کیا ہے۔