اسلام آباد( صالح ظافر)"ماں کا دودھ زندگی بچانے والا ہے۔ ڈونر ملک (Donor Milk) قبل از وقت پیدا ہونے والے اور بیمار بچوں کیلئے زندگی بچانے کا ذریعہ بن سکتا ہے۔ اگر آپ دودھ عطیہ کر سکتی ہیں تو آپ کسی ضرورت مند خاندان کیلئے ہیرو کا کردار ادا کر سکتی ہیں۔ اس بارے میں مزید جانیں اور ملک بینکس کی مدد کریں۔"یہ پیغام بھارت کی مشہور بیڈمنٹن کھلاڑی جوالا گُٹّا نے سوشل میڈیا پر لکھا، جو حال ہی میں دوسری بار ماں بنی ہیں۔ رپورٹس کے مطابق جوالا گُٹّا نے تقریباً 30 لیٹر ماں کا دودھ ملک بینک کو عطیہ کیا ہے۔ انہوں نے اپنی تصاویر بھی شیئر کیں جن میں وہ دودھ عطیہ کر رہی ہیں تاکہ دوسری خواتین کو بھی اس عمل کی ترغیب ملے۔عطیہ کیا گیا ماں کا دودھ ان نوزائیدہ بچوں کیلئے نہایت ضروری ہے جو قبل از وقت پیدا ہوتے ہیں یا کم وزن کے ساتھ دنیا میں آتے ہیں۔ یہ ان بچوں کیلئے بھی اہم ہے جو پیدائش کے وقت اپنی ماؤں کو کھو دیتے ہیں۔ ملک بینک میں یہ دودھ ایک خاص درجہ حرارت پر محفوظ کیا جاتا ہے تاکہ ضرورت کے وقت استعمال ہو سکے۔ماں بننے والی خواتین اپنے بچے کی ضرورت سے زیادہ دودھ ان عطیہ بینکوں میں دے سکتی ہیں۔ طے شدہ اصولوں کے مطابق یہ دودھ جمع کرکے بریسٹ ملک بینک میں بھیجا جا سکتا ہے۔ تاہم، بدقسمتی سے اتنا دودھ عطیہ نہیں ہوتا جتنا ضرورت کے مطابق ہونا چاہیے۔ماں کا دودھ بچوں کے لیے بہترین غذائی ذریعہ مانا جاتا ہے۔ یہ صرف رضاکارانہ طور پر عطیہ کیا جا سکتا ہے اور وہی خواتین عطیہ کر سکتی ہیں جو اپنی صحت مند اولاد کی ضرورت سے زیادہ دودھ پیدا کرتی ہوں۔ اضافی دودھ کو بینک میں محفوظ کر کے ضرورت پڑنے پر استعمال کیا جاسکتا ہے۔ڈاکٹر سشما نانگیا، ہیڈ، ڈپارٹمنٹ آف نیونٹالوجی، لیڈی ہارڈنگ میڈیکل کالج دہلی، کہتی ہیں"ماں کا دودھ بچوں کیلئے سب سے بہترین غذا ہے۔