• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مشکل گھڑی میں سیلاب متاثرین کیساتھ کھڑے رہیں گے، قائم مقام صدر

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ حالیہ سیلاب نے ملک میں کافی تباہی مچائی،مشکل کی اس گھڑی میں ہم سیلاب زدگان کے ساتھ ہیں اور ساتھ کھڑے رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتے کے روز ملتان میں متاثرین کو خوراک اور بنیادی ضروریات کی اشیا کی تقسیم کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں کیا۔ انہوں نے مخیر حضرات، تاجروں اور صنعتکاروں سے بھی اپیل کی کہ متاثرین کی مزید خدمت کےلئے آگے بڑھیں۔ اس موقعے پر رکن قومی اسمبلی سید عبدالقادر گیلانی ،چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی و رکن صوبائی اسمبلی سید علی حیدر گیلانی اور رکن صوبائی اسمبلی کامران مڑل سمیت سیاسی و سماجی رہنماؤں اور معزین علاقہ کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ اس وقت پورے ملک کو سیلاب نے لپیٹ رکھا ہے،لوگوں کی زمینیں ،گھر،جانور اور کاروبار ختم ہو گئے، جن لوگوں کا جانی یا مالی نقصان ہوا ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں،میں ان کو یقین دلاتا ہوں کہ ان کی گھروں کو واپسی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے بھی ہر مشکل وقت میں اپنے لوگوں کا ساتھ دیا،اس وقت تمام کارکنان، پارٹی رہنما ،سول سوسائٹی ،تمام ادارے اور وفاقی و صوبائی حکومت کا فوکس سیلاب زدگان کی بحالی ہے ۔اس موقع پر رکن قومی اسمبلی سید عبدالقادر گیلانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب سے ہونے والے نقصان کا بہت افسوس ہے ، ہم اپنے لوگوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
اہم خبریں سے مزید