شکارپور (نامہ نگار)مہر ، جتوئی تنازع،مسلح افراد کی اسکول میں گس کر فائرنگ،3افراد ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔شکار پور کی سول سوسائٹی میں تشویش کی لہر،وزیر اعلی ٰ سندھ سے تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ ،تفصیلات کےمطابق تحصیل لکھی غلام شاہ میں تھانہ رستم کی حدود گاؤں بورڑی سیٹھار میں موٹر سائیکلوں پر سوار مسلح افراد نے گورنمنٹ ہائی اسکول بورڑی سیٹھار پر دھاوا بول دیا۔ حملہ آوروں کی شدید فائرنگ سے اسکول ٹیچر محمد اسحاق آرائیں، عبدالرزاق مہر، جمیل احمد مہر اور ایک طالبعلم محمد فیضان سیٹھار شدید زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال پہنچایا گیا۔ جہاں زخموں کی تاب نہ لاکر عبدالرزاق مہر اور جمیل مہر چل بسے۔ دوسری جانب مبینہ طور پر جوابی کارروائی میں ایک حملہ آور صحبت جتوئی کے ہلاک ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ مقتولین کی لاشوں کو اسپتال سے پوسٹ مارٹم کرانے کے بعد ورثاء کے حوالے کیا گیاجبکہ طالبعلم کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ آخری اطلاعات تک واقعے کا مقدمہ درج نہیں ہوا۔