کراچی (اسٹاف رپورٹر) 18ویں متنازع سندھ گیمزدن کی روشنی میں آتش بازی اور کراچی کی فتح کے ساتھ اپنے اختتام کو پہنچ گئے۔ موہنجو دوڑو ٹرافی کراچی نے اور فیئر پلے ٹرافی میرپور خاص کے نام رہی۔ کراچی نے مردوں میں 115 گولڈ اور خواتین میں 53 میڈلز کے ساتھ مجموعی طور پر 168 میڈلز حاصل کئے۔ حیدرآباد نےمردوں میں 23 گولڈ اور خواتین میں 7 میڈلز کے ساتھ مجموعی طور پر 30 میڈلز کے ساتھ دوسری پوزیشن، سکھر نےمردوں میں 13 گولڈ اور خواتین میں 1 میڈل کے ساتھ مجموعی طور پر 14 میڈلز کے ساتھ تیسری پوزیشن اپنے نام کی۔ پیر کو نیشنل کوچنگ سینٹر میں اختتامی تقریب میں سورج کی روشنی میں ہونے والی آتش بازی پر وہاں موجود شرکاء بھی حیران نظر آئے، سندھ کے نگراں وزیر کھیل ڈاکٹر جنید علی شاہ نے کہا ہے، آتش بازی، آتش بازی ہوتی ہے دن میں ہو یا رات کو میڈیا بلا وجہ تنقیدکررہا ہے۔