وٹفورڈ ( نمائندہ جنگ) ممتاز کشمیر ی رہنما کشمیر رابطہ کمیٹی کے سابق صدر چوہدری محمد عظیم کہا ہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر پرغاصبانہ قبضہ کررکھا ہے۔ کشمیرکبھی بھی بھارت کاحصہ نہیں رہا ہے مقبوضہ کشمیر کے سابق کٹھ پتلی وزیراعلیٰ فاروق عبداللہ اپنابیان واپس لیں۔ چوہدری محمد عظیم نے روزنامہ جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حقائق کو مسخ کرنا مقبوضہ کشمیر کی سیاسی قیادت کے لیے ذریعہ معاش بن چُکا ہے ۔ بھارت خود مسئلہ کشمیر کے پائیدار حل کے لیے اقوام متحدہ اور یو این سیکورٹی کونسل مسئلہ کشمیر لے گیا جہاں مسئلہ کشمیر پر کئی قراردادیں منظور ہوئیں ۔ بھارت نے شیخ عبداللہ کو کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف جدو جہد کرنے پر گرفتار کیا بلکہ شیخ عبداللہ کی تاریخی غلطیوں کی وجہ سے بھارت نے کشمیر پر قبضہ کر لیا ۔ چوہدری محمد عظیم نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے باعث کشمیر کے حالات انتہائی خراب ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے انتخابات کو روکنے کے لیے عالمی عدالت انصاف سے رجوع کر ے ۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ کشمیر کے دونوں اطراف کنٹرول لائن ختم کی جائے اور عوام کو آپس میں ملنے دیا جائے ۔