اولڈہم /لندن (آصف مغل/ پی اے) اگلے بجٹ میں ویپنگ پر نئے ٹیکس لگانے پر غور کیا جارہا ہے۔ فی الوقت ویپنگ پر VAT نافذ ہے لیکن تمباکو کی طرح اس پر کوئی اور ٹیکس نہیں ہے، اگلے بجٹ میں تمباکو پر بھی ٹیکس میں اضافہ کیا جائے گا تاکہ ویپنگ تمباکو سے سستی رہے۔ حکومت نے پہلے نومبر میں شاہ کی تقریر میں کہا تھا کہ ویپنگ پر ٹیکس لگانے پر غور کیا جا رہا ہے۔ وزرا کو خدشہ ہے کہ ویپنگ تمباکو سے سستی ہونے کی صورت میں نوجوان اور تمباکو نوشی نہ کرنے والے اسے بآسانی حاصل کرسکیں گے۔ ٹائمز نے پہلی مرتبہ اس کی رپورٹ دی تھی۔ خیال کیا جاتا ہے کہ ڈیوٹی ویپس میں استعمال کئے جانے والے مائع مادے پر لگائی جائے گی۔ وزارت خزانہ تمباکو پر ڈیوٹی میں اضافے کے ساتھ ہی ویپنگ پر نئے ٹیکس لگانے پر غور کررہی ہے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ اس نئے ٹیکس یا ڈیوٹی سے 500ملین پائونڈ سالانہ جمع ہوسکتے ہیں۔ نئے ٹیکس لگانے پر غور گزشتہ ماہ برطانیہ میں ڈسپوزیبل ویپس پر پابندی عائد کرنے کے منصوبے کے اعلان کے بعد شروع کیا گیا ہے۔ انگلینڈ میں ویپس پر پابندی لگانے کے ذمہ دار وزرا نے امید ظاہر کی ہے کہ اگلے عام انتخابات سے قبل ہی نئے ٹیکس یا ڈیوٹی کے حوالے سے قانون منظور کرا لیا جائے گا، جس کے بعد 2025کے اوائل میں یہ نافذالعمل ہوجائے گا تاہم اس کے نافذالعمل ہونے کی تاریخ کے اعلان کے بعد ریٹیلرز کو تبدیلیوں کو6ماہ کی مہلت دی جائے گی۔ حکومت 18 سال سے کم عمر بچوں کو ویپس فروخت کرنے والے ریٹیلرز پر جرمانے میں بھی اضافہ کرنے کا منصوبہ ہے۔