اولڈہم (پ ر) پاسبان صحابہ برطانیہ کے چیئرمین محمد عمر توحیدی نے کہا ہے کہ شہباز شریف اورآصف زرداری آج اگر لیلائے اقتدار سے ہم آغوش ہو کر لطف لے رہے ہیں تو اس کیلئے وہ مولانا فضل الرحمن کو دعا دیں۔ پاکستان کی سیاسی صورتحال پر اپنی رہائش گاہ اولڈہم میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ، شہبازشریف اورآصف زرداری نے ہمیشہ مولانا فضل الرحمن کے ساتھ ہاتھ کیا ہے لیکن یہ مولانا فضل الرحمن کی کشادہ دلی ہے کہ قومی مفاد میں وہ پھر بھی ان کے ساتھ ہاتھ ملا لیتے ہیں، اس بار بھی جان بوجھ کر انہیں ہرایا گیا مگر انہیں یہ بات یاد رکھنی چاہئے کہ مولانا فضل الرحمن کو کھیل سے باہر رکھ کر وہ کبھی بھی پچ پر جم کر نہیں کھیل سکتے۔ دھاندلی کے خلاف مولانا فضل الرحمن نے جب بھی قوم کو بلایا جوق در جوق اہل حق کے قافلے اسلام آباد پہنچیں گے۔