لندن (پی اے) وزیراعظم رشی سوناک کی ساس73سالہ سدھا مورتی کو بھارتی ایوان بالا کیلئے نا مزدکردیا گیا ہے۔ رشی سوناک کی ساس73 سالہ سدھا مورتی کی شادی عالمی ٹیکنیکل جینٹ Infosys کے شریک بانی این آر نارائن کے ساتھ ہوئی تھی، ان کی بیٹی اکشاتا کی شادی رشی سوناک سے ہوئی ہے، بھارتی ایوان بالا کے تمام ارکان منتخب کئے جاتے ہیں لیکن12ارکان ایسے ہوتے ہیں جو عام طور پر بہت ہی کامیاب انسان ہوتے ہیں اور صدر ان کو 6 سال کیلئے نامزد کرتا ہے۔ وزیراعظم نرندرا مودی نے کہا ہے کہ سدھا مورتی کی نامزدگی ناری شکتی یعنی خواتین کا ثبوت ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہم قوم کے مستقبل کیلئے خواتین کی صلاحیتوں کو مستحکم کررہے ہیں۔ مودی نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں لکھا ہے کہ سوشل ورک، تعلیم اور دوسرے شعبوں میں سدھا مورتی کی گرنقدر خدمات ہیں اور وہ ایک دیالو خاتون ہیں۔ گزشتہ سال بھارتی حکومت نے بھارت کے تیسرے سب سے بڑے قومی اعزاز پدما بھوشن سے نوازا تھا۔ سدھا مورتی، جو تربیت یافتہ انجینئر ہیں، نے اپنی نامزدگی پر مودی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں ملک کی خدمت کا موقع دیئے جانے پر شکر گزار ہوں۔ روزنامہ ہندو سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ نامزدگی کی خبر میرے لئے حیرت انگیز اور باعث خوشی تھی اور خواتین کے عالمی دن کے موقع پر یہ اعزاز ملنے پر میں بہت ہی خوش ہوئی۔ انھوں نے کہا کہ ابھی میں نے پارلیمانی مدت کا پلان تیار نہیں کیا ہے، میں دیکھوں گی کہ اس عہدے کے اختیارات کو بھارت کے عوام کی بہتری کیلئے کس طرح بہترین طریقے سے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ فوبز کے مطابق سدھا مورتی کے شوہر کی دولت کا اندازہ 3.6 بلین پاؤنڈ ہے۔ نارائن مورتھی نے ایک دفعہ کہا تھا کہ انھوں نے اپنا کاروبار شروع کرنے کیلئے جو کہ فی الوقت بھارت کی ساتویں سب سے بڑی فرم اور نیویارک اسٹاک ایکسچینج میں ان لسٹ ہونے والی پہلی بھارتی فرم ہے، اپنی اہلیہ سے 250 ڈالر قرض لیا تھا۔ سدھا مورتی عام طورپر ٹی وی شوز میں آتی رہتی ہیں، اس لئے ان کا چہرہ بھارتی عوام کیلئے جانا پہچانا ہے۔ ایک دفعہ ٹی شو میں جب انھوں نے بتایا کہ جب انھوں نے برطانیہ کی بارڈر کنٹرول افسران کو بتایا کہ وہ ڈاؤننگ اسٹریٹ میں قیام کریں گی تو بارڈر فورس کے ارکان اس کو مذاق سمجھے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ جس طرح انھوں نے اپنے شوہر کو ایک کامیاب بزنس مین بنانے میں کردار ادا کیا، اسی طرح ان کی بیٹی نے رشی سوناک کو برطانیہ کا وزیراعظم بننے میں مدد دی۔ ان کی بیٹی اکشاتا مورتھی کے Infosys میں شیئرز ہیں۔ سنڈے ٹائمز نے 2022 میں رشی سوناک کو ان امیر ترین لوگوں کی فہرست میں شامل کیا تھا، جن کے مشترکہ اثاثے 730 ملین پاؤنڈ ہیں۔ اپریل 2022میں ان کی اہلیہ اکشاتا احتساب کی گرفت میں آئی تھیں اور یہ کہا گیا تھا کہ اکشتا کو اپنے بیرون اثاثوں پر بھی ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔ اس پر انھوں نے کہا کہ برطانیہ کا ڈومیسائل نہ رکھنے کی صورت میں اگرچہ مجھ پر میرے غیر ملکی اثاثوں پر ٹیکس عائد نہیں کیا جاسکتا لیکن میں اپنے شوہر کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننا چاہتی۔ اب اپریل 2025 سے ٹیکس سے متعلق خصوصی حیثیت کا خاتمہ ہوجائے گا۔