گریٹر مانچسٹر/ بولٹن (نمائندہ جنگ) معروف برٹش باکسر انتھونی جوشیوا نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ہونے والا باکسنگ کا مقابلہ دوسرے راؤنڈ میں انتہائی سنسنی خیز انداز میں جیت لیا۔ 34سالہ انتھونی جوشیوا کا مقابلہ 37سالہ امریکی باکسر فرانسس نگانو سے تھا۔ انتھونی جوشیوا اپنے مدمقابل کے بعد رنگ میں اترے تو شائقین نے برطانوی باکسر کا پرجوش انداز میں تالیاں بجا کر ان کا استقبال کیا۔ انتھونی جوشیوا نے عامر خان باکسر کی طرح رنگ کے ایک کونے میں بیٹھ کر دعا کی اور انتہائی پھرتی کے ساتھ اپنے حریف کے سامنے آئے ، فائٹ کے پہلے راؤنڈ میں ہی ایسا لگ رہا تھا کہ ان کا مدمقابل زیادہ دیر تک نہیں ٹھہر سکے گا ۔ پہلے راؤنڈ کے 45 سکینڈ بعد انتھونی جوشیوا نے اچانک اپنے مدمقابل کے جبڑے پر زور دار مکا برسایا جس سے ان کے مدمقابل رنگ میں گر گئے ریفری نے انہیں اٹھایا تو پہلا راؤنڈ ختم ہو چکا تھا جوں ہی دوسرا راؤنڈ شروع ہوا تو انتھونی جوشیوا کے مدمقابل کافی نروس دکھائی دے رہے تھے۔ جوشیوا نے دوسرے راؤنڈ میں اپنے حریف پر مکوں کی بارش کردی جس سے وہ ایک بار پھر رنگ میں گر گئے ان کے دوبارہ اٹھنے پر جوشیوانے ایک زوردار مکا مارا جس سے وہ اپنے حواس پر قابو نہ رکھ سکے اور دوبارہ زمین پر گر گئے ان کی آنکھوں میں اندھیرا چھا گیا ریفری نے موقع کی مناسبت سے فائٹ روک دی اور انتھونی جوشیوا کو فاتح قرار دے دیا۔ جوشیوا کی یہ فائٹ دیکھنے کیلئے گریٹر مانچسٹر کے ریستورانوں اور کلبوں میں لوگ وقت سے پہلے ہی پہنچنا شروع ہو گئے تھے بعض ریستورانوں میں یہ مقابلہ ایک بڑی سکرین کے ذریعے دکھایا گیا جہاں ایشیائی نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی جبکہ لوگوں نے اپنے اپنے گھروں میں بھی سکائی ٹی وی پر فائٹ دیکھنے کے انتظام کر رکھے تھے۔ جوشیوا کی یہ فائٹ دیکھنے کیلئے برطانیہ سے ان کے حامیوں کی ایک بڑی تعداد سعودی عرب گئی تھی۔ فائٹ کے بعد انتھونی جوشیوا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان کی آئندہ کی فائٹ ٹاسن فیوری سے ہونے کی توقع کی جارہی ہے۔