فرینکفرٹ (سید اقبال حیدر) پاکستان پیپلز پارٹی جرمنی کے صدر سیّد زاہد عباس نے آصف علی زرداری کے صدر منتخب ہونے پر اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا کہ آصف علی ذرداری کا منصبِ صدارت پر دوبارہ منتخب ہونا تاریخی مرحلہ ہے جو پاکستان کی سیاسی تاریخ میں منفرد مقام رکھتا ہے یہ صرف پاکستان پیپلز پارٹی کیلئے اور پارٹی کارکنان کیلئے ہی نہیں بلکہ جمہوریت اور پارلیمان کیلئے بھی نیک شگون ہے ،پاکستان پیپلز پارٹی جرمنی کی طرف سے تمام جیالوں اور پارٹی کے ساتھ وابستہ تمام افراد کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ ایڈیشنل جنرل سیکرٹری پی پی پی سید جعفر عباس نے کہامفاہمت کے بادشاہ، کھپے پاکستان کا نعرہ لگانے والے آصف علی ذرداری ایک بار پھر اسلامی جمہوریہ پاکستان کے صدر منتخب ہونے پر اہلِ پاکستان کو مبارکباد پیش کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ وہ اپنے پہلے دورِ حکومت کی طرح ملک کو درپیش مسائل سے نجات دلائیں گے۔پی پی جرمنی کے نائب صدر کفایت سلہریا نے کہا آصف علی ذردای منجھے ہوئے سیاست دان ہیں ، پاکستان کو ان کی شدید ضرورت تھی۔پی پی برلن کے صدر منظور اعوان نے کہا آصف علی ذرداری کے صدر بننے میں چیئرمین بلاول بھٹو کا بڑا ہاتھ ہے انھوں نے کامیاب الیکشن مہم سر کرکے پاکستان پیپلز پارٹی کو کامیابی سے ہمکنار کیا اور ملکی سیاسی پارٹیاں آصف علی کو صدر بنانے پر اس لئے مجبور ہوگئیں کیونکہ آصف علی ذرداری ہی ملک کو درپیش مسائل سے نکال سکتے ہیں۔پاکستان مسلم لیگ ن جرمنی کے مرکزی رہنما راشد غوری نے صدارتی انتخاب پر اپنے تاثرات میں کہا مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی کے ملاپ سے بنی حکومت ملک کیلئے مفید ثابت ہوگی۔ پاکستان پیپلز پارٹی کو سندھ میں بدعنوانی کی روک تھام کیلئے اقدامات کرنا ہوں گے ،ان دونوں پارٹیوں کیلئے یہ آخری موقع ہے اگریہ ملک کے مفاد کیلئے کوئی مثبت اقدامات نہ کر سکے تو ان کی سیاست ختم ہو جائے گی۔ پاکستان ایسوسی ایشن جرمنی کے صدر وجیہ الحسن جعفر ی نے حالیہ الیکشن کے نتیجے میں ملکی انتخابات کو غیر منصفانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوامی انتخابی فیصلوں کا رُخ مقتدر حلقوں نے موڑ کر ملک کے ووٹرز کو بددل کر دیا ہے،نوجوان نسل جمہوریت سے ناامید ہو گئی ہے،ذوالفقار علی بھٹو کو شہید کرنے سے آج تک ملکی کمان’’ اسٹیبلشمنٹ‘‘ کے ہاتھوں میں ہے ،پاکستان بظاہر انگریزوں سے تو آزاد ہو گیا مگر آج تک نادیدہ طاقتوں کے ہاتھوں یرغمال ہے، سیاستدانوں کو مل کر جمہورت کی بقاء کے لئے کام کرنا ہوگا۔ پی ٹی آئی کے میاں ندیم نے کہا پاکستان کے خالق قائداعظم محمد علی جناح بیماری کی حالت میں ناکارہ ایمبولینس میں دورانِ سفرانتقال کر گئے،فاطمہ جناح اس وقت کے آمر ایوب خان کے ظلم و ستم کا نشانہ بنیں،ملکی جمہوریت کو پے در پے مارشل لاء کے حملوں نے آج تک سنبھلنے نہیں دیاصدر ایوب،جنرل ضیاء،پرویز مشرف تک بظاہر ہماری جمہوریت آمروں کے ہاتھوں فتح ہوتی رہی، سابقہ الیکشن میں بقول مریم نواز’’خلائی مخلوق‘‘ ملک کے انتخابی فیصلے کرتی رہی اور آج بغور دیکھا جائے تو معاملات انھیں کے زیرِ اثر ہیں موجودہ حالات میں بھی اداروں کی جانب سے گاہے بہ گاہے اعترافی بیانات ضرور آتے ہیں کہ ماضی میں ہم نے سیاست میں مداخلت کی مگر آئندہ نہیں کریں گے مگر ہم نے پھر دیکھا اور ’’گل ہوگئی اے‘‘ نے ثابت کردیا کہ کل کی خلائی مخلوق آج بھی اپنے وفاداروں کے سروں پر دستِ شفقت رکھے ہوئے ہے، عمران خان نے اپنی ایمان داری اور حب الوطنی سے دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا، عمران خان ملک کو عالمی طاقتوں کی غلامی سے نکال کر آزاد ریاست بنانا چاہتے ہیں جس کی سزا انہیں جیل میں ڈال کر عالمی طاقتوں کے کہنے پر دی جا رہی ہے، آج ملک کے تمام سیاستدانوں اورقومی اداروں کو ذاتی رنجشوں کو پسِ پشت ڈال کر مل کر ملک کی سلامتی اور بقاء کیلئے مل کر کام کرنا ہوگا۔