کراچی (اسٹاف رپورٹر ) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ اداروں کو آزادانہ کام کرنے دیا جائے تو کراچی کی صورتحال مزید بہتر ہوگی، کے ایم سی اور ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشنز سے ریٹائر ہونے والے افسران و ملازمین کے واجبات کی مد میں ساڑھے 10ارب روپے واجب الادا ہیں،2011 سے 2017کی مدت میں ریٹائر ہونے والے افسران و ملازمین کو آج 50 کروڑ روپے سے زیادہ کی رقم 763 ملازمین کو ادا کر رہے ہیں ،چارجڈ پارکنگ کے ڈی اے کا کام نہیں ہے، کے الیکٹر ک کے ذریعے میونسپل یوٹیلیٹی چارجز کا معاملہ عدالت میں پھنسا ہوا ہے جس سے کے ایم سی کو اب تک 9ارب روپے کا نقصان ہوچکا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے تقریب تقسیم واجبات برائے ریٹائر افسران و ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے کیا،میئر کراچی نے میڈیا کے نمائندوں کے سوال کے جواب میں کہا کہ کچھ لوگ مافیا سے منسلک ہیں اور وہ کے ایم سی کی آمدنی میں رکاوٹ بنتے ہیں ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اولڈ سٹی ایریا میں 19 پمپنگ اسٹیشنز کے ذریعے سیوریج کا اخراج کیا جاتا ہے، حکومت سے درخواست کی ہے کہ ان پمپنگ اسٹیشنوں کو لوڈشیڈنگ سے مبرا کردیں۔