• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ میں مقیم پاکستانی ملک محمد علی ٹیپو کا سرگودھا میں قتل

برمنگھم (نمائندہ جنگ) برطانیہ میں مقیم پاکستان کی فیملی کے ایک فرد ملک محمد علی ٹیپو کو دن دہاڑے سرگودھا کے علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن میں قتل کئے جانے پر اوورسیز پاکستانیوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ اوور سیز پاکستانیوں نے ارباب اختیار سے انصاف کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمارا ملک ہے جہاں ایک عام شہری کو بلاوجہ سرعام قتل کر دیا گیا اور لوگ تماشائی بنے رہے۔ محمد علی ٹیپو محنت مزدوری کرتا تھا معمولی لین دین کے تنازع پر ملزمان نے گھر کے راستے میں ملک ٹیپو کو گھیر لیا اور گولیوں کی بوچھاڑ کر دی، ملک محمد علی ٹیپو اپنے 14سالہ صاحبزادے محمد سفیان کے ہمراہ گھر جا رہا تھا، شقی القلب ملزمان نے چھوٹے بچے سفیان کو بھی معاف نہ کیا اور اس کی ٹانگوں پر فائر کر دیئے جو بلک بلک کر ملزمان سے فریاد کرتا رہا کہ میرے باپ کو چھوڑ دو معاف کر دو لیکن ملزمان نے ایک نہ سنی، مقتول کے رشتہ دار عبدالباسط مجاہد نے اس موقع پر کہا کہ خوش قسمتی سے سرگودھا پولیس کے افسران اور سیٹلائٹ ٹاؤن کے انسپکٹر عمر عبداللہ اور ڈی پی او محمد فیصل نے محافظ کا کردار ادا کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے ،رپورٹ جلد عدالت میں پیش کی جائے گی۔ اوورسیز کمیونٹی نے وزیراعلیٰ پنجاب، چیف جسٹس اور پاک فوج سے اپیل کی ہے کہ ملزمان بھاگنے کی کوشش کریں گے ان پر نظر رکھی جائے اور انھیں سخت سزا دی جائے جنھوں نے بچوں اور ایک بیوی کے سر سے سہارا چھین لیا، ایسے افراد معاشرے پر ایک بدنما داغ ہیں انہیں کسی قسم کی رعایت نہ دی جائے اور سزا دے کر مثال قائم کی جائے تاکہ اوورسیز کمیونٹی کا اپنے ملک پر اعتماد بحال ہو۔
یورپ سے سے مزید