کراچی(اسٹاف رپورٹر)فنکشنل لیگ سندھ کے جنرل سیکریٹری اورجی ڈی اے کے سیکریٹری اطلاعات سردار عبدالرحیم نے کہا ہے کہ حکمرانوں نے سندھ کےعوام کو ڈاکوؤں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے ۔کراچی گھوٹکی شکارپور لاڑکانہ جیکب آباد خیرپور اور دیگر اضلاع میں ڈاکوؤں کا راج ہے‘ سندھ پولیس کو مکمل طور پر سیاسی بنا دیا گیا ہے اور پروٹوکول ڈیوٹی پر لگا کر پولیس کو کو غیر فعال بنا دیا ہے‘ ڈاکوؤں سے مقابلہ کرنا پولیس کے بس کی بات نہیں ہے‘ درجنوں افراد ڈاکوؤں کے چنگل میں ہیں‘ انہیں فوری طور پر بازیاب کرواکر امن و امان قائم رکھنے کے لیے ڈاکوؤں کے خلاف فوجی آپریشن شروع کیا جائے۔سردارعبدالرحیم نے کشمور میں ٹیچر کو قتل کرنے سمیت یرغمالیوں کو سر عام گولیاں مار کر ویڈیو وائرل کرنے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ سندھ کی عوام مکمل طور پر غیر محفوظ ہوگئی ہے‘ امن امان کی صورتحال انتہائی خراب ہے۔