حیدرآباد(بیورو رپورٹ) جمعیت علماء پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے کہا ہے کہ نظام مصطفےٰ ﷺ کے نفاذ ہی میں امت کی بقا ہے، جب تک ملک میں اسلامی نظام قائم نہیں ہوگا اس وقت تک عقیدہ ختمِ نبوت پر حملے ہوتے رہیں گے نظامِ مصطفےٰ ﷺ کا نفاذ ہی اس بات کی ضمانت ہے کہ کوئی طاغوتی قوت مسلمانوں کے ایمان پر ڈاکہ نہیں ڈال سکے۔ وہ مارکیٹ چوک حیدرآباد میں منعقدہ عظیم الشان تحفظ ختمِ نبوت کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ علامہ شاہ احمد نورانیؒ کی قیادت اور جدوجہد کی بدولت 7 ستمبر 1974ء کو پاکستان کی پارلیمنٹ نے متفقہ طور پر قادیانیوں کو غیر مسلم اقلیت قرار دیا یہ فیصلہ تاریخ کا عظیم ترین کارنامہ ہے جو امتِ مسلمہ کے ایمان اور عقیدہ ختمِ نبوت کے تحفظ کا عملی ثبوت ہے آج ہمیں عزم کرنا ہوگا کہ عقیدہ ختمِ نبوت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ہم ہر دور میں اس کی حفاظت کے لیے میدانِ عمل میں موجود رہیں گے۔ کانفرنس سے جے یو پی کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ سید عقیل انجم قادری،ملی یکجہتی کونسل صوبہ سندھ کے سینئر نائب صدر علامہ اسد اقبال زیدی، متحدہ قومی موومنٹ کے ایم پی اے راشد خان،سابق ایم پی اے عبدالرحمن راجپوت، جے یوپی کے مرکزی نائب صدر ناظم علی آرائیں، مرکزی ترجمان ڈاکٹر یونس دانش، جماعت اسلامی حیدرآباد کے امیر طاہر مجید راجپوت، مرکزی جماعت اہلسنت کے صوبائی رہنما قاری نیاز احمد نقشبندی، اسلامی تحریک پاکستان کے صوبائی رہنما سید معظم شاہ کاظمی، مرکزی مسلم لیگ کے خالد سیف، جے یو پی سندھ کے سینئر نائب صدر حافظ محمد سموں و دیگر نے بھی خطاب کیا۔