• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلدیہ ٹاؤن یو سی 8، ضمنی بلدیاتی الیکشن، جماعت اسلامی کی انتخابی مہم عروج پر

کراچی(اسٹاف رپورٹر) بلدیہ ٹاؤن یو سی 8 میں ضمنی بلدیاتی الیکشن کے سلسلے میں جماعت اسلامی کے تحت جاری انتخابی مہم عروج پر پہنچ گئی ہے، 24 مارکیٹ میں منعقد ہونے والی کارنر میٹنگ نے عوامی جلسے کی شکل اختیار کرلی، جس میں اہل علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کر کے جماعت اسلامی کے امیدوار برائے وائس چیئرمین انجینئر یاسر حیات اور انتخابی نشان ”ترازو“کے لیے اپنی بھرپور حمایت کا اعلان کیا۔ کارنر میٹنگ سے امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان، امیرِ ضلع کیماڑی فضل احد اور امیدوار انجینئر یاسر حیات،نائب امیر ضلع کیماڑی عارف خان، عثمان اعوان، عثمان نیازی نے بھی خطاب کیا۔منعم ظفر خان نے بلدیہ 24 مارکیٹ میں تاجروں سے بھی ملاقاتیں کیں۔ قبل ازیں ان کی آمد پر نوجوانوں نے ان کا شاندار استقبال کیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے امیرِ جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا کہ حب ڈیم سے قریب ہونے کے باوجود بلدیہ ٹاؤن پانی سے محروم ہے۔ بلدیہ ٹاؤن کی ٹوٹی سڑکیں اور تباہ حال سیوریج سسٹم پیپلز پارٹی کی نا اہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔بلدیہ ٹاؤن کھنڈر بن چکا ہے، پیپلز پارٹی کی کارکردگی صرف کرپشن ہے، پیپلز پارٹی عوام پر خرچ کرنا نہیں صرف کرپشن کرنا جانتی ہے۔ انہوں نے قابض میئر مرتضیٰ وہاب کو چیلنج کرتے ہوئے کہا، وہ جگہ جگہ جماعت اسلامی کے ٹاؤنز کو دیے گئے فنڈز کی تفصیلات بتاتے پھرتے ہیں، بلدیہ ٹاؤن میں آکر اور پریس کانفرنس کر کے بلدیہ ٹاؤن کے حسابات اور اپنی کارکردگی کیوں نہیں بیان کرتے؟ کراچی کے عوام پیپلز پارٹی کے قبضے سے تنگ آچکے ہیں۔
ملک بھر سے سے مزید