• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جامعہ اردو میں روسی زبان سکھانے کا مرکز قائم

کراچی(سید محمد عسکری) وفاقی اردو یونیورسٹی میں روسی زبان سکھانے کا باقاعدہ مرکز قائم کردیا گیا ہے،جس کی افتتاحی تقریب 26مارچ کو ہوگی، ستر لاکھ روپے لاگت سے یہ مرکز شعبہ بین الاقوامی تعلقات وفاقی اردو یونیورسٹی کے تحت روسی مرکز برائے سائنس وثقافت (ایوانِ دوستی) روسی حکومت کے تعاون سے قائم کیا گیا ہے، جہاں روسی اساتذہ بلا معاوضہ روسی زبان سکھائیں گے۔ پاکستان میں روسی مرکز ثقافت کے تعاون سے تین سینٹر بنانے جا رہے ہیں اور سندھ میں واحد مرکز وفاقی اردو یونیورسٹی میں قائم کیاگیا ہے ،جو شعبہ بین الاقوامی تعلقات کے ایک کلاس روم میں بنایا گیا ہے، اس مقصد کیلئے روسی بڑھئی نے روسی طرز کاجدید اور خوبصورت کلاس روم تیار کرلیا ہے۔ روسی زبان سیکھنے کی وجہ سے طالب علم روس کی جامعات میں اسکالر شپ حاصل کر سکیں گے واضح رہے کہ شعبہ بین الاقوامی تعلقات وفاقی اردو یونیورسٹی اور رشین کلچر سینٹر کے درمیان 25جنوری 2023کو معاہدہ کیا گیا تھا ۔اس معاہدے کے تحت اب تک شعبہ ہذا کے 6 طالبعلم اسکالر شپ حاصل کر چکے ہیں جب کہ ہر سال 10طالبعلم اعلیٰ تعلیم کے لیے اسکالر شپ پر روس جائیں گے اور روسی جامعات میں داخلہ لے سکیں گے روسی زبان کے مرکز کی افتتاحی تقریب میں شیخ الجامعہ پروفیسر ضابطہ خان شنواری قونصل جنرل رشین فیڈریشن آندرے وکٹوروچ فیدروف، رکن صوبائی اسمبلی محمد آصف خان اور فیصل ایدھی ( چیرمین ایدھی فاؤنڈیشن) شریکِ ہوں گے۔