گلاسگو (طاہر انعام شیخ) آئندہ نسلوں کو سگریٹ خریدنے سے روکنے کے لیے اسکاٹ لینڈ اور برطانیہ کی دیگر ریاستوں میں بھی ایک قانون سازی کی جارہی ہے، جس کے تحت سگریٹ خرید سکنے والے افراد کی عمر میں ہر سال ایک سال کا اضافہ کیا جائے گا اور یوں ایک ایسا بچہ جو2009کے بعد پیدا ہوا ہے اور اس کی عمر آج 14 سال ہے، وہ زندگی میں کبھی بھی قانونی طور پر سگریٹ خریدنے کا اہل نہیں ہوگا اور یوں ایک سموک فری نسل تیار ہوگی، اگرچہ اسکاٹ لینڈ میں صحت ایک صوبائی معاملہ ہے لیکن تمباکو نوشی سے نمٹنے کے لیے یوکے کی چاروں حکومتوں نے ایک متفقہ طور پالیسی طے کی ہے۔ نئی قانون سازی اسکاٹ لینڈ کی حکومت کو اس بل کے نفاذ کا اختیار دے گی، اس قانون کو بعدازاں اسکاٹش پارلیمنٹ سے منظور کروالیا جائے گا۔ نئے بل میں ویپنگ کے تعلق بھی سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔ سروے سے پتہ چلا ہے کہ ہر5میں سے ایک نوجوان نے ویپنگ کا استعمال کیا ہے۔ اسکاٹ لینڈ کی وزیر صحت جینی منٹو نے کہا کہ ہم اس بات پر متفکر ہیں کہ بچوں کو ویپنگ کی طرف راغب کرنے کے لیے اسے کس طرح مختلف ذائقوں کے ساتھ تیار کیا جارہا ہے۔ 1970کے بعد سگریٹ نوشی میں اگرچہ کمی آئی ہے لیکن اس کے باوجود ابھی تک برطانیہ میں60لاکھ سموکرز ہیں۔