• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں پتنگ بازی، ڈرون کیمروں کے استعمال پر پابندی عائد

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کمشنرکراچی محمد سلیم راجپوت نے پورے کراچی میں پتنگ اڑانے، اسے بنانے اور فروخت کرنے پر پابندی عائد کردی۔ جب کہ ضلع جنوبی میں 2ماہ کے لیے ڈرون کیمروں کے استعمال پر بھی پابندی لگادی ہے۔نوٹی فیکیشن کے مطابق کمشنر کراچی نےدفعہ 144کے تحت شہر میں پتنگ بازی، اسے اڑانے اور پتنگ سازی پر پابندی کا فیصلہ شہریوں کو پتنگ کی ڈور سے پیش آرہے جانی نقصانات سے محفوظ رکھنے کے لیے کیا ہے۔ نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ بعض عناصر نائلون اور دھات سے تیز دھار مانجھا بنا رہے ہیں جو انسانی زندگی کےلیے غیر محفوظ ہے، ان افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی اور انہیں گرفتار کر لیا جاے گا، جو اس غیر قانونی کاروبار میں ملوث ہیں۔ یہ پابندی 30مارچ سے 29مئی تک رہے گی۔دریں اثناء ضلع جنوبی میں دفعہ 144 کا نفاذ کر تے ہوئے 2ماہ کے لیے ڈرون کیمروں کے استعمال پر بھی پابندی عائد کر دی ہے ۔کمشنرہائوس سے جاری نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ ملک میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات کے پیش نظر فوری اقدام کے طور پرڈرون کیمروں کے استعمال پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس سے چینی قونصل خانے اور اہم تنصیبات کی حفاظت کے ساتھ ساتھ کسی بھی نا خوشگوار واقعے کی روک تھام کی حکومتی کوششوں میں مدد ملے گی۔ ڈرون کیمروں کے استعمال پر پابندی بھی 30 مارچ سے 29 مئی تک ہو گی۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید