کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے اعلان کیا ہے کہ وفاقی و صوبائی بجٹ میں کراچی کو ایک بار پھر نظر انداز کرنے، K4منصوبے ودیگر ترقیاتی منصوبوں کے لیے خاطر خواہ رقم مختص نہ کرنے سمیت کراچی کے لیے کوئی نیا میگاپروجیکٹ شروع نہ کرنے کے خلاف ہفتہ 21جون کو سندھ اسمبلی کے باہر احتجاج کیا جائے گا، اسرائیل کو لگام دینے کے لیے باتیں نہیں بلکہ پیش قدمی اور عملی اقدامات کی ضرورت ہے،ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس کر تے ہوئے انھوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم وفاقی حکومت کا حصہ ہیں،کراچی دشمنی میں پیپلز پارٹی، ایم کیوا یم اورمسلم لیگ ن ایک ہیں، ملکی ایکسپورٹ کا 54فیصد،قومی خزانے میں 67فیصد ریونیو اورسندھ کے بجٹ کا 95 فیصد حصہ فراہم کرنے والے شہر کو اس کا جائز اور قانونی حق نہیں دیا جارہا،جماعت اسلامی اہل کراچی کی حق تلفی نہیں ہونے دے گی،کراچی کے ساڑھے 3 کروڑ عوام کا جائز و قانونی حق لے کر رہے گی، انہوں نے پارلیمنٹ میں اسرائیل کے حوالے سے وزیر دفاع کے بیان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ 57اسلامی ممالک ہوش کے ناخن لیں اور اسرائیلی جارحیت و دہشت کردی کو روکنے کے لیے متحد ہوں۔