کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایران پر اسرائیلی انسانیت سوز حملوں اور ایرانی ٹی وی چینل کی عمارت کو نشانہ بنانے کے خلاف کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور نے کراچی پریس کلب کے باہر احتجاج کیا جس میں صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے پی ایف یو جے دستور کے سیکرٹری علا ئ الدین خانزادہ نے کہا کہ اسرائیل کی دہشت گردی کی تاریخ انتہائی طویل ہے ، اسرائیل نے نہ صرف غزہ میں معصوم بچوں اور خواتین کے ساتھ صحافیوں کو بھی نشانہ بنایا بلکہ ایران میں بھی سچ کی آواز دبانے کی کوشش کی ، انہوں نے صحافیوں کی عالمی تنظیم آئی ایف جے سے صورتحال کا فوری نوٹس لینے اور دنیا بھر میں اسرائیل کے ہاتھوں صحافیوں کا قتل عام رکوانے کا مطالبہ کیا ، سینئر صحافی مقصود یوسفی نے کہا کہ اسرائیل کی کھلی دہشت گردی ناقابل برداشت ہے ، عالمی برادری اس صورتحال کا نوٹس لے کر اسرائیل کو اسکے جارحانہ عزائم سے روکے، سینئر صحافی مظہر عباس نے کہا کہ عالمی تنظیمیں اور ادارے اسرائیل کے جارحانہ اور توسیع پسندانہ عزائم کے آگے بند باندھنے میں ناکام نظر آرہے ہیں ، مظاہرے سے صدر نصراللہ چوہدری، سیکرٹری ریحان ہاشمی اور دیگر نے بھی خطاب میں مطالبہ کیا کہ اسرائیل فوری میڈیا ہاؤسز اور صحافیوں کو نشانہ بنانے کا عمل بند کرے۔