کراچی ( اسٹاف رپورٹر)حضرت عبداللہ شاہ غازیؒ کے 1295ویں سالانہ عرس کی تین روزہ تقریبات کا آغاز ہوگیا، قائم مقام گورنر سندھ سید اویس قادر شاہ نے روضہ مبارک پر چادر چڑھا ئی اور فاتحہ خوانی کی۔ سید اویس قادر شاہ نے فاتحہ خوانی کی اور ملک و ملت کے امن، ترقی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعا مانگی اور زائرین سے ملاقات کی اور ان کیلئے کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے سید اویس قادر شاہ نے کہا کہ بزرگانِ دین کی تعلیمات انسانیت، امن، بھائی چارے اور روحانی تطہیر کا سرچشمہ ہیں۔ حضرت عبداللہ شاہ غازیؒ جیسے عظیم صوفی بزرگوں نے اپنی تعلیمات اور کردار سے معاشرے میں محبت، رواداری اور اخوت کو فروغ دیا جن پر آج کے دور میں عمل پیرا ہونا ہماری اجتماعی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حضرت عبداللہ شاہ غازیؒ کا عرس ایک روحانی اجتماع ہے جو مختلف طبقہ ئے فکر کو متحد کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ صوفیوں، درویشوں اور اہلِ دل کا خطہ ہے جہاں ہمیشہ محبت، برداشت اور خدمتِ خلق کی قدریں پروان چڑھتی رہی ہیں۔