پشاور ( ارشد عزیز ملک ) تربیلا کے بعد چینی کمپنی نے دیامر بھاشا ڈیم پر دوبارہ کام شروع کر دیا تاہم داسو ڈیم پر کام تاحال معطل ہے۔ معتبر ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ داسو ڈیم پر کام چند روز میں دوبارہ شروع کر دیا جائے گا۔دیامر بھاشا ڈیم کے جنرل منیجر نزاکت حسین نے تصدیق کی کہ چینی کمپنی نے ڈیم پر دوبارہ کام شروع کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تقریباً 350 چینی شہریوں کام شروع کردیا ہے جبکہ چھ ہزار مقامی عملہ پہلے ہی ڈیم پر کام کررہا ہے ۔ داسو ڈیم انجینئرز کی بس پر خودکش حملے میں 5 چینی شہریوں کی ہلاکت کے بعد چینی کمپنی نے کام روک دیا۔دیامر بھاشا ڈیم خیبر پختونخوا کے ضلع کوہستان اور گلگت بلتستان کے ضلع دیامر کے درمیان دریائے سندھ پرتعمیر کیا جارہا ہے ۔13 مئی 2020 کو، پاکستانی حکومت نے ڈیم کی تعمیر کے لیے چائنا پاور اور فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (FWO) کے جوائنٹ وینچر کے ساتھ 442 ارب روپے کے معاہدے پر دستخط کیےتھے۔