اسلام آباد (نمائندہ جنگ )وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری اور تجارتی وا سٹرٹیجک شراکت داری کے نئے دور کا آغاز ہے، سعودی سرمایہ کاری سے منصوبوں کی تکمیل کی خود نگرانی کروں گا،ملکی ترقی و خوشحالی کے ہدف کے حصول کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھائیں گے، بین الاقوامی سرمایہ کاری کے منصوبوں کے حوالے سے کسی بھی قسم کی لاپرواہی قبول نہیں،سرخ فیتہ نہیں چلے گا،سرمایہ کاری بورڈ، ایس آئی ایف سی اور متعلقہ وزارتیں سعودی وفد کے مابین مذاکرات میں طے شدہ منصوبوں کی تکمیل کیلئے لائحہ عمل تشکیل دیں، فرسودہ طریقہ کار اور سرخ فیتہ بالکل نہیں چلے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سعودی وفد کے حالیہ دورہ پاکستان اور مختلف شعبوں میں سعودی سرمایہ کاری کے حوالے سے اعلیٰ سطح کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے بے حد مشکور ہیں کہ ان کی خصوصی توجہ کی بدولت پاکستان سعودی عرب سرمایہ کاری و تجارتی تعلقات کے نئے دور کا آغاز ممکن ہوا، ادھر وزیرِ اعظم نے ہدایت کی ہے کہ بجلی کے ترسیلی نظام اور تقسیم کار کمپنیوں کی بہتری کیلئے ترجیحی بنیادوں پر پلان مرتب کرکے آئندہ ہفتے پیش کیا جائے۔