کراچی (اسٹاف ر پو ر ٹر) مختلف سیاسی اور مذہبی رہنمائوں نے لانڈھی میں غیر ملکیوں کی وین پر ہونے والے خودکش دھماکے پر غم و غصے کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ غیر ملکیوں پر حملوں کا مقصد ملک کو دنیا بھر میں بدنام کرنا ہے جس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے مرکزی رہنما سید رفیع الدین فیصل نے کہا کہ ملک دشمن عناصر ملکی سلامتی کیلئے خطرہ بنتے جارہے ہیں جن کا قلع قمہ کرنا ناگزیر ہوچکا،سیکرٹری جنرل پاکستان سنی تحریک علامہ بلال سلیم قادری شامی نے کہا کہ دہشتگرد ملک کے وقار کو مجروح کرنے کے لیے غیر ملکیوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے،پاکستان مرکزی مسلم لیگ کراچی کے صدراحمدندیم اعوان نےکہا کہ غیرملکی شہریوں پر دہشت گردوں کاحملہ کراچی کاامن تباہ کرنے کی سازش ہے ، شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مر کزی سیکر ٹری جنرل علامہ شبیر حسن میثمی نے کہا کہ غیر ملکیوں پر خودکش حملہ انتہائی افسوناک عمل ہے ، دہشت گردوں اور ان کے سرپر ستوں کو کراچی میں قائم ہونے والا امن ہضم نہیں ہورہا، یہ حملہ غیر ملکیوں پر نہیں بلکہ پاکستان کی ساکھ اور معیشت پر حملہ تھا،پاکستان راہ حق پارٹی کے صدر مولانا عادل عمر اور مرکزی ترجمان اشرف میمن نے کہا کہ کراچی کے امن کو ایک بار پھر خراب کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ، ملوث عناصر کو عبرت کا نشان بنایا جائے، ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے کہا ہے کہ اس طرح کے حملے پاکستان کے امن کو سبوتاژ کرنے کی سازش ہیں،انہوں نے حملے میں زخمی افراد سے ہمدردی کا اظہار کیا اور ان کو ہر قسم کی طبی امداد فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی،جے یو آئی رابطہ کے مولانا محمد خان شیرانی ،حافظ احمد علی ،مفتی عابد اور دیگر نے حملے کی شدید مزمت کرتے ہوئے اسے بزدلانہ کارروائی قرار دیا اور کہا کہ ملزمان ایسے عناصر کے غلاف بھرپور کارروائی کی جائے تاکہ آئندہ اس قسم کے واقعات نہ ہوں ۔