اسلام آباد (کامرس رپورٹر) مشاہد حسین سید نے افریقہ کے حوالے سے پاکستان کے پہلے تھنک ٹینک، پاکستان افریقہ انسٹی ٹیوٹ فار ڈویلپمنٹ اینڈ ریسرچ کا افتتاح کر دیا۔ سینیٹر مشاہد حسین سید نے اس نئے اقدام کے اغراض و مقاصد کے حوالے سے آگاہ کیا۔ اس تھنک ٹینک کا افتتاح انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک سٹڈیز کے زیراہتمام ایک سیمینار میں کیا گیا جس کا موضوع ’’افریقی ایشیائی یکجہتی کے بنڈونگ جذبے کا احیا اور پاکستان-افریقہ تعلقات ‘‘ تھا۔ اس تقریب کے شرکاء میں افریقی ممالک کے سفیروں کے ساتھ ساتھ سکالرز، طلباء اور تھنک ٹینکس کے معززین بھی شامل تھے۔ سینیٹر مشاہد حسین سید نے اس موقع پر کہا کہ پائیدار کا افتتاح 18اپریل 1955کو انڈونیشیا میں ہونے منعقد ہونیوالی ایشیائی اور افریقی ممالک کی بنڈونگ کانفرنس کی 69 ویں سالگرہ کے موقع پر کیاجا رہا ہے جس میں پاکستان، چین کے ساتھ ساتھ افریقہ کے ممالک نے بھی شرکت کی تھی۔ سینیٹر مشاہد حسین نے کہا کہ افریقہ کے ساتھ پاکستان کے تعلقات پاکستان کے قیام سے پہلے کے استوار ہیں۔