نیویارک(نیوزڈیسک)بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی(آئی اے ای اے) کے سربراہ کے مطابق آئی اے ای اے حکام نے ایرانی جوہری تنصیبات کا معائنہ عارضی طور پر روک دیا ہے۔سکیورٹی کونسل کے اجلاس کے موقع پر نیویارک میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے آئی اے ای اے کے سربراہ رافیل ماریانو گروسی نے کہا کہ ایران میں آئی اے ای اے کے معائنہ کاروں کو ایرانی حکومت کی جانب سے مطلع کیا گیا تھا کہ سیکیورٹی خدشات کے باعث جوہری تنصیبات بند رہیں گی۔ انہوں نے کہا ہے کہ ایران نے اسرائیل پر بڑے میزائل اور ڈرون حملوں کے تناظر میں سکیورٹی تحفظات کی بنا پر اپنی جوہری تنصیبات کو عارضی طور پر بند کر دیا ہے۔ جب رافیل گروسی سے پوچھا گیا کیا وہ اسرائیل کی جانب سے ایران کی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کے امکان پر فکرمند ہیں۔اس کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ہم ایسے کسی بھی امکان پر ہمیشہ فکرمند ہوتے ہیں، میں آپ کو یہ بتا سکتا ہوں کہ ایران میں موجود انسپکٹرز کو ایرانی حکومت کی جانب سے اتوار کو مطلع کیا گیا کہ وہ جوہری تنصیاب جن کا ہم روز جائزہ لیتے ہیں، سکیورٹی تحفظات کی وجہ سے بند رہیں گی۔میں نے فیصلہ کیا ہے کہ انسپکٹرز کو تب تک واپس نہ بلایا جائے جب تک صورت حال مکمل طور پر پرسکون نہیں ہو جاتی۔