• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غزہ جنگ کے 200 روز مکمل، ہر طرف تباہی، اسرائیل دلدل میں پھنس چکا ہے، حماس

کراچی (نیوز ڈیسک) غزہ جنگ کو 200روز مکمل ہوگئے، ہر طرف موت اور تباہی ،اسرائیلی بمباری میں 34ہزار 183فلسطینی شہید اور 77ہزار 140زخمی ہوچکے، شہداء میں 14ہزار 778بچے اور ساڑھے نو ہزار خواتین شامل ہیں، اسرائیل بدستور اپنی قیدی چھڑانے میں کامیاب نہ ہوسکا،عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل نے ان 200 روز میں غزہ پر 75 ہزار ٹن بارود برسا کر غزہ کی پٹی کے زیادہ تر شہری انفرااسٹرکچر کو ملبے کے ڈھیر میں تبدیل کردیا ہے، حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کا کہنا ہے کہ اسرائیل غزہ کے دلدل میں پھنس چکا ہے ،القسام کے ترجمان ابو عبیدہ کا کہنا ہے کہ دشمن کو 200 روز میں شرمناک شکست کے سوا کچھ نہیں ملا، ہماری مزاحمت پہاڑوں کی طرح مضبوط ہے۔ غزہ کے ناصر اسپتال کے احاطے میں ایک اور اجتماعی قبر سے مزید 130فلسطینیوں کی تشدد زدہ لاشیں برآمد ہوئی ہیں جس کے بعد اب تک خان یونس کے اسپتال سے برآمد ہونے والی میتوں کی تعداد 310ہوچکی ہے ، سعودی عرب اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں نے ناصر اسپتال سے اجتماعی قبروں کی دریافت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اسرائیل کی جانب سے جنگی جرائم کے واضح ثبوت ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق القسام کے ترجمان ابو عبیدہ نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ دشمن نے 200 روز میں غزہ میں تباہی اور موت پھیلائی، دشمن کو 200 روز میں شرمناک شکست کے سوا کچھ نہیں ملا، ہماری مزاحمت فلسطین کے پہاڑوں کی طرح مضبوط ہے، قابض فوج کی جارحیت ختم ہونے تک ہماری مزاحمت جاری رہےگی، اللہ کی مدد سے دشمن پر ہمارے حملے جاری رہیں گے اور جب تک ہماری زمین کے ایک انچ پر بھی دشمن موجود رہے گا، ہم طرح طرح سے اسے اپنے حملوں کا نشانہ بنائیں گے، ابو عبیدہ نے فلسطینیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی اپنی سرزمین پر روزانہ ثابت قدمی کے ساتھ اسرائیلی جارحیت کا مقابلہ کررہے ہیں۔7اکتوبر 2023سے جاری اسرائیلی حملوں میں غزہ کے 3 لاکھ 80 ہزار سے زائد رہائشی یونٹ اور 412تعلیمی ادارے تباہ ہوچکے ہیں۔ 75فیصد فلسطینی نقل مکانی پر مجبور ہوئے ۔
اہم خبریں سے مزید