لندن (پی اے) ایک اسٹڈی میں بتایا گیاہے کہ قیمتوں میں اضافہ ترک سگریٹ نوشی کا بڑا سبب بن رہا ہے اور انگلینڈ کے کم وبیش 25فیصد افراد سگریٹ نوشی ترک کرچکے ہیں، یونیورسٹی کالج لندن کی جانب سے کی گئی اسٹڈی کے مطابق کم وبیش 6,000افراد سے کئے گئے ایک سروے سے ظاہرہوا کہ سگریٹ نوشی ترک کرنے کا سب سے بڑا سبب اس سے صحت کو پہنچنے والا متوقع نقصان ہے لیکن اس کی قیمت بھی سگریٹ نوشی ترک کرنے کا محرک ثابت ہورہی ہے ۔سروے کے مطابق اس وقت 20سگریٹ کے ایک پیکٹ کی اوسط قیمت 14پونڈ ہے جو بڑھ کر 2026میں 16پونڈ ہو جائے گی ،سگریٹ میں موجود تمباکو اور ٹاکسین پھیپھڑوں کے کینسر ، پھیپھڑوں کی دیگر بیماریوں اور دل کے امراض کاسبب بن سکتی ہے ،ایک اندازے کے مطابق زندگی بھر سگریٹ پینے والا شخص طبعی موت سے پہلے ہی موت سے ہمکنا ر ہوجاتاہے جبکہ سگریٹ نوشی ترک کرکے اس خطرے کو کم کیا جاسکتا ہے۔ماہرین کا کہناہے کہ سگریٹ نوشی ترک کرنے کا فیصلہ کبھی بہت تاخیر سے کیا جانے والا فیصلہ نہیں ہوتا ۔2018سے2023کے درمیان کئے جانے والے سروے کی رپورٹوں سے ظاہرہوتاہے کہ کورونا کے بعد سے ترک سگریٹ نوشی کی کوششوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے ،تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق لندن میں فی الوقت 12.7فی صد افراد سگریٹ نوشی کرتے ہیں جبکہ 2011میں ان کی شرح 20فیصد تھی ،جب لوگوں سے ترک سگریٹ نوشی کا سبب معلوم کیاگیاتو 50 فیصد افراد نے کہا کہ وہ سگریٹ نوشی کی وجہ سے پھیلنے والی بیماریوں سے خوفزدہ تھے ۔25 فیصد نے کہا کہ سگریٹ کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے انھیں ترک سگریٹ نوشی کا فیصلہ کیا یہ شرح کورونا سے پہلے کے مقابلے میں 20فیصد زیادہ ہے ، ریسرچرز کا کہناہے کہ غالباً کووڈ نے سگریٹ نوش لوگوں میں صحت کو لاحق ہونے والے خطرات کے بارے میں آگہی میں اضافہ کیا ہے جس کی وجہ سے 2020 اور 2021 کے ترک تمباکو نوشی کی ترغیب ملی،لیکن کووڈ کی وجہ سے بہت سے لوگ ملازمتوں سے محروم ہوگئے اور اخراجات زندگی میں اضافے نے اس صورت حال کو مزید سنگین بنادیا ، سابقہ ریسرچ سے ظاہر ہواتھا کہ 2018-22 کے دوران سگریٹ نوش سگریٹ پر ہفتہ میں 20 پونڈ خرچ کرتے تھے جبکہ ای سگریٹ پر ہفتہ میں 6.30 پونڈ خرچ ہوتے ہیں ،حالیہ ریسرچ سے ظاہرہوتاہے کہ سگریٹ پینے والوںکی شرح میں 45 سال سے کم عمر کے مردوں اور خواتین کی شرح میں اضافہ ہواہے۔ گزشتہ ارکان پارلیمنٹ نے برطانیہ میں 2009 کے بعد پیداہونے والوں پر سگریٹ خریدنے پر پابندی کے قانون کے حق میں ووٹ دیاتھا۔