• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گجر، اورنگی ٹاؤن اور محمود آباد نالہ متاثرین کو ایک ماہ میں الاٹمنٹ کا حکم

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سپریم کورٹ نے گجر، اورنگی ٹاؤن اور محمود آباد نالے کے متاثرین کوایک ماہ میں الاٹمنٹ دینے اور نسلہ ٹاور کی زمین فروخت کرکے الاٹیز کو معاوضہ ادا کرنے کا حکم دے دیا۔ علاوہ ازیں عدالت میں غیرقانونی عمارت تجوری ہائٹس کے متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی کے کیس کی سماعت ہوئی۔ وکیل نے بتایا کہ تجوری ہائٹس گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا ہے۔ چیف جسٹس نے ہدایت کی کہ عدالت نے تین ماہ میں متاثرین کو معاوضہ ادا کرنے کا حکم دیا تھا، آپ لوگوں کے پیسے واپس کریں‘ بلڈر کے وکیل نے کہا کہ متاثرین کو معاوضہ ادا کیا جاچکا ہے جو رہ گیا ہے اسے بھی دے دیں گے۔تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں گجر، اورنگی ٹاؤن اور محمود آباد نالہ متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی سے متعلق کیس کی سماعت چیف جسٹس قاضی فائز عیسی کی سربراہی میں بینچ نے کی۔دورانِ سماعت سپریم کورٹ نے سوال کیا کہ اب تک کیا عمل درآمد ہوا ہے؟ اگر نالے کے مزید متاثرین ہیں تو ایک ماہ میں اے ڈی سی ٹو ساوتھ سے رجوع کریں۔ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے کہا کہ متاثرین کو 80 گز کا پلاٹ اور کنسٹرکشن کی رقم دے رہے ہیں‘حکومتِ سندھ نے 6 ہزار 9 سو 32 خاندانوں کو 80 گز کا پلاٹ ملیر میں دیا ہے، ان گھروں کی تعمیرات کے لیے 10 لاکھ روپے کے اخراجات بھی حکومتِ سندھ نے مقرر کیے تھے۔عدالت نے سوال کیا کہ جو نالوں سے گھر ہٹائے وہ قانونی تھے یا غیر قانونی؟چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسی نے کہا کہ یہ حکومت کا پیسہ نہیں، سندھ کے لوگوں کا پیسہ ہے، اس کا غلط استعمال نہیں کر سکتے۔سپریم کورٹ نے کہا کہ جو لوگ پلاٹ لینا چاہتے ہیں ان کو الاٹ کریں، جو انجینئرنگ کونسل کا انتظار کرنا چاہتے ہیں وہ انتظار کریں۔علاوہ ازیں عدالت میں غیرقانونی عمارت تجوری ہائٹس کے متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی کے کیس کی سماعت ہوئی۔چیف جسٹس نے سوال کیا کہ کس کا ہے تجوری ہائٹس ؟جس پر تجوری ہائٹس کے وکیل عابد زبیری نے بتایا کہ یہ پلاٹ گورنر سندھ کی اہلیہ کے نام پر تھا۔چیف جسٹس نے سوال کیا کہ نوٹس گورنر ہاؤس بھیجیں کہاں بھیجیں؟ مالک کو ہی متاثرین کا پیسہ دینا ہے۔وکیل عابد زبیری بولے کہ مجھے کلائنٹ سے انسٹرکشن لینے دیں کچھ وقت دیا جائے جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ تین سال ہوگئے ہیں یہ آج کا آرڈر تو نہیں ہے، کیا کریں توہین عدالت کا نوٹس بھیجیں؟ عابد زبیری نے کہا کہ میں اس درخواست میں وکیل نہیں تھا مجھے ٹائم دیا جائے۔جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ نکالیں عابد زبیری صاحب کا وکالت نامہ، سارا ریکارڈ موجود ہے ہمارے پاس۔

اہم خبریں سے مزید