کراچی(اسٹاف رپورٹر) انجمن اساتذہ وفاقی اردو یونیورسٹی عبدالحق کیمپس اور گلشن اقبال کیمپس کی مشترکہ کال پر منگل کودوسرے روز بھی امتحانات کا بائیکاٹ جاری رہااور وائس چانسلر کیخلاف بھی احتجاج جاری رہا ۔ عبدالحق کیمپس میں صبح کے سیشن کے تمام امتحانات کا سو فیصد بائیکاٹ کیا گیا جبکہ دوسرے سیشن میں شعبۂ نفسیات اور شعبۂ ٹیچر ایجوکیشن میں محدود پیمانے پر امتحانات منعقد کیے گئے۔ اسی طرح گلشن اقبال کیمپس میں شعبۂ کیمسٹری، مائیکروبائیولوجی، فارمیسی، ایجوکیشن اور ماس کمیونیکیشن میں جزوی طور پر امتحانات کا انعقاد کیا گیا۔ انجمن اساتذہ کے مطابق امتحانی بائیکاٹ کو اساتذہ کی بھرپور حمایت حاصل رہی جبکہ طلبہ کی بڑی تعداد نے بھی اساتذہ کے مطالبات اور جاری احتجاج سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ اساتذہ کا مؤقف ہے کہ یونیورسٹی کو درپیش سنگین مالی و انتظامی بحران موجودہ وائس چانسلر کی ناقص پالیسیوں، بدانتظامی اور غیر مؤثر طرزِ حکمرانی کا نتیجہ ہے۔ انجمن اساتذہ کے مطابق تنخواہوں، پنشن اور دیگر واجبات کی مسلسل عدم ادائیگی نے اساتذہ، ملازمین اور ان کے خاندانوں کو شدید معاشی مشکلات سے دوچار کر دیا ہے جبکہ انتظامیہ بحران کے حل کے لیے مؤثر اور سنجیدہ اقدامات کرنے میں ناکام رہی ہے۔