کراچی(اسٹاف رپورٹر )کراچی کے تمام اضلاع میں تجاوزات کی فہرست فائنل اور بھر پور آپریشن کا آغاز، بلااجازت سڑک کاٹنے پر دفعہ 144 لگانے کا فیصلہ،میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی کے تمام اضلاع میں بیک وقت تجاوزات کے خلاف مہم شروع کردی ہے، ہر ٹاؤن میں کے ایم سی انسپکٹر تعینات کئے جا رہے ہیں.
شہری انتظامیہ اور کے ایم سی مل کر تجاوزات کے خلاف آپریشن کرے گی، عدالتی احکامات کے مطابق شہر بھر سے تجاوزات کے خاتمے کے لئے حکمت عملی تیار کی گئی ہے.
شہر سے تجاوزات ختم کرنے کا مقصد شہریوں کو بے روزگار کرنا نہیں ہے، ہر ڈسٹرکٹ میں ہاکرز کے لئے جگہ مختص کرنے کی تجویز زیر غور ہے تاکہ وہاں ٹھیلوں اور پتھاروں کو منتقل کیا جاسکے، یہ بات انہوں نے جمعہ کے روز صدر دفتر بلدیہ عظمیٰ کراچی میں انسداد تجاوزات کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی.
اس موقع پر کمشنر کراچی سید حسن نقوی،میونسپل کمشنر کے ایم سی ایس ایم افضل زیدی، تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور افسران بھی موجود تھے، میئر نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف مہم کے دوران ایم اے جناح روڈ صدر، ریگل مارکیٹ، موبائل مارکیٹ، نیو ایم اے جناح روڈ، بوہری بازار اور ضلع جنوبی کے دیگر علاقوں سے تجاوزات ختم کی جائیں گی، اجلاس کے دوران کراچی کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے اپنی حدود میں واقع تجاوزات اور ان کے خاتمے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی، ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی نے بتایا کہ ان کے ضلع میں حیدری فوڈ اسٹریٹ بلاکHنارتھ ناظم آباد، لنڈی کوتل چورنگی، سندھی ہوٹل، حسین آباد فوڈ اسٹریٹ، اللہ والا چورنگی نارتھ کراچی، لیاقت آباد 10نمبر اور سپرمارکیٹ کے اطراف تجاوزات کی بھرمار ہے، ڈپٹی کمشنر جنوبی نے کہا کہ ایم اے جناح روڈ، صدر، ریگل مارکیٹ، کوآپریٹو مارکیٹ، بوہری بازار، لی مارکیٹ کے اطراف تجاوزات کی وجہ سے مسائل کا سامنا ہے صدر کے علاقے میں موبائل مارکیٹ کی وجہ سے ٹریفک کے لئے مشکلات ہو رہی ہیں.
ڈپٹی کمشنر غربی نے کہا کہ ان کے ضلع میں بنارس فلائی اوور کے نیچے تجاوزات کی وجہ سے مسائل ہیں، اورنگی ٹاؤن 10نمبر اور قطر اسپتال کے اطراف زیادہ تجاوزات ہیں جن کا خاتمہ کیا جائے گا، ڈپٹی کمشنر ملیر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ قائد آباد برج کے نیچے سے تجاوزات ختم کی جائیں گی.
ڈپٹی کمشنر کیماڑی نے تجاوزات کے حوالے سے جن علاقوں کی نشاندہی کی ان میں شیر شاہ، منگھوپیر روڈ اور دیگر علاقے شامل ہیں،، اجلاس کے دوران ضلع شرقی میں طارق روڈ، سماما شاپنگ سینٹر، پہلوان گوٹھ اور دیگر علاقوں میں تجاوزات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی
کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے کہا کہ بلااجازت سڑک کاٹنے پر دفعہ 144لگانے کی تجویز زیر غور ہے، لسبیلہ چوک سے گرومندر تک بڑی تعداد میں رکشے کھڑے ہوتے ہیں جس کے باعث ٹریفک متاثر ہوتی ہے، متعلقہ ایسو سی ایشن سے رابطہ کرکے اس مسئلے کا حل نکالا جائے تاکہ ٹریفک کی روانی برقرار رہے۔