• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب اور مسئلہ کشمیر کو قومی و بین الاقوامی فورمز پر اجاگر کرنا ہوگا، راجہ نجابت حسین

مانچسٹر(ہارون مرزا)جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل ٹیم نے گزشتہ روزکو چیئرپرسن جے کے ایس ڈی ایم آئی (چیشائر) نینا رانیہ خان کی رہائش گاہ پر عید استقبالیہ کا اہتمام کیا تقریب میں برطانوی پارلیمنٹ کے ممبر اینڈریو گوائن ایم پی و چیئرمین لیبر فرینڈز آف کشمیر برطانیہ، لارڈ میئر آف مانچسٹر کونسلر یاسمین ڈار، ماجد ڈار کونسلر مانچسٹر اور دیگرشریک ہوئے۔ میئر آف چیشائر راڈ فلیچر، میئر آف سیلفورڈ اور کونسلر آف سیلفورڈ، میئر آف ٹیم سائیڈ تفہین شریف، بولٹن کے میئر راجہ محمد ایوب، راچڈیل کے ڈپٹی میئر شکیل احمد، راچڈیل کے میئر شکیل احمد، بری کے ڈپٹی میئر خالد حسین، کونسلر ایلیسن گیوین، کونسلر شہباز عارف بری، کونسلر نائلہ شریف چیئر پرسن (جے کے ایس ڈی ایم آئی یو کے)، روبینہ خان چیئرپرسن (جے کے ایس ڈی ایم آئی) گریٹر مانچسٹر، ثمینہ خان چیئرپرسن بزنس اینڈ پروفیشنلز فورم نارتھ آف انگلینڈ، خان متین خان، ذیشان عارف صدر انٹرنیشنل سٹوڈنٹس سوسائٹی، یاسمین عالم انفارمیشن سیکرٹری (جے کے ایس ڈی ایم آئی) مہوش جاوید، ممبر (جے کے ایس ڈی ایم آئی) ایگزیکٹو کمیٹی مانچسٹر کے تاجر رہنما نوید دین، زارا دین، غلام مصطفیٰ مغل، محمد عارف چوہدری، راجہ واجد خان، ہارون احمد، عاطف اور دیگر معززین شریک ہوئے ۔نینا رانیہ خان نے تقریب کے شرکاء کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے بانی چیئرمین راجہ نجابت حسین نے بھی تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور انہیں مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا خاص طور پر بھارتی عام انتخابات کا تذکرہ کیا گیا جسے پوری دنیا کے کشمیریوں نے ماننے سے مکمل طور پر انکار کر رکھا ہے۔ راجہ نجابت حسین نے سیاستدانوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ وہ کشمیری قوم کے حق خود ارادیت کی حمایت کریں اور مسئلہ کشمیر کو ہر قومی و بین الا قوامی فورم پر اٹھائیں اور مظلوم کشمیریوں کی آواز بنیں اور بھارت کے مکروہ چہرے کو بے نقاب کریں۔ راجہ نجابت حسین کا کہنا تھا کہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی تسلیم شدہ قراردادیں موجود ہیں جن کی روشنی میں کشمیری قوم کو حق خودارادیت دلانے کے لیے پوری دنیا کشمیریوں کا ساتھ دے اور اس سلسلہ میں عملی اقدامات کئے جائیں۔ ممبر برطانوی پارلیمنٹ اینڈریو گیوین ایم پی نے اس موقع پر کشمیر اور فلسطینیوں کے لیے ایک زبردست حمایتی تقریر کی۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے دورہ پاکستان و آزادجموں وکشمیر میں بہت کچھ دیکھا ہے اور وہ خود اس بات کے عینی شاہد ہیں کہ کشمیر کا خطہ حقیقت میں دنیا میں ایک جنت کی حیثیت رکھتا ہے اور دنیا کے خوبصورت ترین خطوں میں شمار کیا جاتا ہے کشمیرمیں انسانی حقوق کی پامالیاں بند ہونی چاہیں‘ کشمیر جیسے دنیا کے خوبصورت ترین اور پر امن لوگوں کے خطے کو ان کا حق خود ارادیت ملنا چاہیے سات دہائیوں سے زیادہ عرصہ سے مسئلہ کشمیر پر کسی قسم کی کوئی عالمی توجہ نہیں دی گئی اور مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں مگر عالمی برادری کی خاموشی تاحال سوالیہ نشان بنی ہوئی ہے انہوں نے کہا کہ برطانیہ اور دنیا کے تمام ممالک مسئلہ کشمیر کی جانب خصوصی توجہ دیں اور اس مسئلے کا فوری اور پائیدار حل نکلنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں ذاتی طور پر بہت افسوس ہے کہ تا حال مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کے عوام کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے اور عالمی برادری مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کے عوام کو ان کا بنیاد ی حق خود ارادیت دے اور اس سلسلہ میں اقوام متحدہ اور عالمی ادارے اپنا کردار ادا کریں۔ لارڈ میئر یاسمین ڈار اور راجہ نجابت حسین نے عشائیے کی میزبانی پر نینا رانیہ خان کو خصوصی خراج تحسین پیش کیا۔ جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل ٹیم کے اراکین نے ریاست جموں و کشمیر کے مسئلہ کے لیے آواز اٹھانے کے لیے برطانیہ، یورپ اور پوری دنیا میں خواتین، نوجوانوں اور عالمی اداروں سے کشمیریوں سے یکجہتی کرنے کی اپیل کی اور مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی تسلیم شدہ قراردادوں کے مطابق فوری طور پر پائیدار بنیادوں پر حل کرنے پر زور دیا۔

یورپ سے سے مزید