• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انگلینڈ کا پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کیخلاف سیریز کیلئے ویمن سکواڈ کا اعلان

برمنگھم (عمران منور/ صائمہ ہارون) انگلینڈ نے پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کے خلاف آئندہ ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے سیریز کے لئے ویمن سکواڈ کا اعلان کر دیا۔ کپتان ہیتھر نائٹ کی قیادت میں تقریباً ایک ماہ تک جاری رہنے والی سیریز کا آغاز تین میچوں کی ٹی20انٹرنیشنل سیریز سے ہوگا، جس کے بعد تین ون ڈے میچز ہوں گے۔ سکواڈ کے دیگر ارکان میں لارین بیل، مایا باؤچیئر، ٹمی بیومونٹ، کیٹ کراس، ایلس کیپسی، چارلی ڈین، سوفی ایکسٹون، لارین فائلر، ڈینیئل گبسن، سارہ گلین، بیس ہیتھ، ایمی جونز، فرییا کیمپ، نیٹ سکیور برنٹ، لنسی اسمتھ، ڈینیئل وائٹ، ٹیمی بیومونٹ، کیٹ کراس ٹی20انٹرنیشنل ٹیم کا حصہ ہیں جبکہ بیس ہیتھ، فرییا کیمپ، لنسی اسمتھ صرف ون ڈے میں کھیلیں گی۔ انگلینڈ ویمن ٹیم کے ہیڈ کوچ جون لیوس نے کہا کہ ہم اپناہوم سمر شروع کرنے کیلئے بہت پرجوش ہیں۔ اپنی سرزمین پر کھیلوں کے موسم گرما کا آغاز کرنا بہت اچھا ہے۔ پاکستان کے خلاف یہ دو سیریز ہمیں تعمیر، ترقی اور اس بات کو یقینی بنانے کا موقع فراہم کرتی ہیں کہ ستمبر میں بنگلہ دیش میں ہونے والے ورلڈ کپ میں ہم بہترین جگہ پر ہیں۔ جیو نیوز کو دیئے گئے ا نٹرویو میں انگلینڈ کی ویمن ٹیم کی کپتان ہیتھر نائٹ نے کہا کہ وہ پاکستان ویمن کے خلاف سیریز کیلئے بہت پرجوش ہیں اور ان کی ٹیم پاکستان کے خلاف میچز کو ہلکا نہیں لے رہی ہے اور مہمانوں کا مقابلہ کرنے کیلئے پوری طرح تیار ہے۔ مجھے نہیں لگتا کہ یہ بالکل آسان ہوگا۔ انہیں ابھی ندا ڈار کی شکل میں نیا کپتان ملا ہے، کچھ کھلاڑی زیادہ تسلسل کے ساتھ پرفارم کر رہی ہیں، اس لئے یہ بالکل آسان نہیں ہوگا۔ ہم ان کے خلاف سخت میچ کی توقع کر رہے ہیں اور امید ہے کہ ہم اپنا اے گیم لا سکیں گے اور ہجوم کو محظوظ کر سکیں گے۔ انگلینڈ اور پاکستان دونوں پہلے ٹی20 انٹرنیشنل میچ کے لئے 11 مئی کو برمنگھم کے ایجباسٹن اسٹیڈیم میں آمنے سامنے ہوں گے۔ یہ پہلا موقع ہوگا جب انگلینڈ میں بین الاقوامی کرکٹ سیزن کا آغاز خواتین کے کھیل سے ہوگا۔ توقع ہے کہ 15000 شائقین میچ سے لطف اندوز ہوں گے کیونکہ اب تک مقابلے کے 12000 سے زیادہ ٹکٹ فروخت ہو چکے ہیں۔ اگرچہ پاکستانی خواتین اس سے قبل 2022 میں کامن ویلتھ گیمز کے دوران ایجباسٹن میں کھیل چکی ہیں لیکن اس مقام پر ان کا مقابلہ انگلینڈ سے پہلی بار ہوگا۔ وہ دو بار آمنے سامنے ہوں گی، پہلے 17 مئی کو نارتھمپٹن میں اور پھر 19 مئی کو ہیڈنگلے، لیڈز میں ٹی20 انٹرنیشنل سیریز ختم کریں گی۔ دونوں ٹیمیں 23 مئی کو سیریز کے ون ڈے لیگ کے آغاز کے لئے ڈربی جائیں گی۔ اس کے بعد وہ 27 مئی کو ٹاؤنٹن میں آمنے سامنے ہوں گی اور پھر 29 مئی کو چیلمسفورڈ میں سیریز کا آخری ون ڈے کھیلیں گی۔ پاکستانی خواتین نے آخری بار انگلینڈ کی خواتین کے درمیان دو طرفہ سیریز 2016 میں انگلینڈ میں کھیلی تھی۔دونوں ٹیمیں آخری بار ایک دوسرے کے مقابل انگلینڈ میں آئی سی سی ویمن کرکٹ ورلڈ کپ 2017 کے دوران آئی تھیں۔ انگلینڈ کے یکطرفہ طور پر پاکستان کے طے شدہ دورے سے دستبردار ہونے کے بعد سے یہ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلی دوطرفہ سیریز بھی ہو گی۔ انگلینڈ کے خلاف ون ڈے آئی سی سی ویمنز چیمپیئن شپ 2022-25 کے موجودہ سلسلےمیں پاکستان کا آخری اسائنمنٹ ہو گاجبکہ انگلینڈ کو ابھی جون کے آخر میں نیوزی لینڈ کے ساتھ کھیلنا ہے۔اس وقت پاکستان 16 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے جبکہ 10 ٹیموں پر مشتمل آئی سی سی ویمن چیمپئن شپ سٹینڈنگ میں انگلینڈ 10 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔انگلینڈ ویمن ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں ہیدر نائٹ (کپتان) لارین بیل، مایا باؤچیئر، ایلس کیپسی، چارلی ڈین، سوفی ایکلیسٹون، لارین فائلر، ڈینیئل گبسن، سارہ گلین، بیس ہیتھ، ایمی جونز، فرییا کیمپ، نیٹ اسکائیور برنٹ اور لِنس ، ڈینیئل وائٹ شامل ہیں۔پاکستان سکواڈ میں ندا ڈار (کپتان) عالیہ ریاض، عائشہ ظفر، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثناء، گل فیروزہ، منیبہ علی (وکٹ کیپر) ناجیہ علوی (وکٹ کیپر) نشرہ سندھو، نتالیہ پرویز، رامین شمیم، صدف شمس، سعدیہ اقبال، سدرہ امین، طوبہ حسن، ام ہانی اور وحیدہ اختر شامل ہوں گی۔ ٹور شیڈول 9 مئی ٹی 20 وارم اپ گیم، لیسٹر 11 مئی، پہلا ٹی20 انٹرنیشنل، برمنگھم 17 مئی، دوسرا ٹی20 انٹرنیشنل، نارتھمپٹن 19 مئی، تیسرا ٹی20 انٹرنیشنل، لیڈز 21 مئی، ایک روزہ وارم اپ گیم، نارتھمپٹن 23 مئی، پہلا ون ڈے ڈربی 26 مئی، دوسرا ون ڈے، ٹاؤنٹن 29 مئی، تیسرا ون ڈے، چیلمسفورڈ ۔ پہلے میچ کے 12000 سے زائد ٹکٹس فروخت ہو چکے ہیں۔
یورپ سے سے مزید