پاکستانی معروف سیاسی شخصیت اور میزبان مرحوم عامر لیاقت حسین سے شادی کرکے شہرت حاصل کرنے والی ان کی تیسری اہلیہ دانیہ شاہ جیل سے رہا ہونے کے بعد ایک بار پھر ان کی وراثت میں اپنا حصہ لینے کے لیے سرگرم ہوگئی ہیں۔
حال ہی میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بُک پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے، جس میں دانیہ شاہ کو ایک آدمی کے ساتھ دیکھا جاسکتا ہے۔
وائرل ویڈیو میں نظر آنے والا شخص خود کو وکیل ظاہر کر رہا ہے اور کہہ رہا ہے کہ دانیہ شاہ نے عامر لیاقت کی وراثت میں اپنا حصہ لینے کے لیے انہیں ہائیر کیا ہے۔
وائرل ویڈیو میں مذکورہ شخص نے یہ انکشاف بھی کیا ہے کہ دانیہ شاہ نے انہیں وراثت کا کیس لڑنے کے لیے 2 کروڑ روپے بطور معاوضہ دینے کے لیے رضامندی ظاہر کی ہے۔
وائرل ویڈیو کا آغاز کچھ اس طرح ہوتا ہے کہ مذکورہ شخص اپنا تعارف شہزاد حکیم سے کرواتا ہے اور کہتا ہے کہ پوری دنیا مجھ سے پوچھنا چاہتی ہے میرا ذریعہ معاش، تو آج میں آپ لوگوں کو اپنا ذریعہ معاش بتا دیتا ہوں‘۔
مذکورہ شخص نے اپنا ذریعہ معاش بتاتے ہوئے مزید کہا کہ میں مظلوم لوگوں کی امداد کرتا ہوں اور اللہ تعالیٰ میری امداد کرتا ہے، میرے ساتھ موجود ہیں لودھراں سے دانیہ عامر لیاقت عرف دانیہ شاہ‘۔
وائرل ویڈیو میں خود کو وکیل ظاہر کرنے والے شخص نے یہ بھی کہا کہ دانیہ شاہ نے اپنا وراثت والا کیس میرے ذمے لگایا ہے، وہ وراثت جو انہیں مرحوم عامر لیاقت کی جانب سے ملنی ہے، جس کے لیے میں نے ان سے 2 کروڑ روپے کا مطالبہ کیا ہے جس پر یہ راضی ہوگئی ہیں۔
اس ویڈیو کے آخر میں اس شخص نےکہا کہ ’دانیہ شاہ حق دار ہے، میں اس کو اس کا حق دلواکر رہوں گا، دیکھتا ہوں کہ کون اس کا حق مارتا ہے، بیسٹ آف شہزاد حکیم‘۔