جدہ (رپورٹ، عرفان صدیقی) جدہ میں مقیم سینئر پاکستانی محمد عاشق کا بڑا اعزاز، خانہ کعبہ کے مرکزی دروازے کی تنصیب انکے ہاتھوں ہوئی، دو سو کلو سونے سے بنےبیت اللہ شریف کے دروازے کی تعمیر و تنصیب کی سعادت انکی کمپنی کو حاصل ہوئی، صرف اتنا ہی نہیں بلکہ خانہ کعبہ کی چھت سے بارش کے پانی کو نیچے لانے کیلئے رحمت کا پرنالہ بھی محمد عاشق کی کمپنی نے ہی تیار اور تنصیب کیا۔ روزنامہ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے محمد عاشق نے بتایا کہ 1978میں جب سعودی حکومت نے بیت اللہ شریف کے مرکزی دروازے کو تبدیل کرنے کا کام ایک لبنانی کمپنی کو دیا جس نے بیت اللہ شریف کا درواز ڈیزائن کیا ، تاہم دروازے کی تنصیب کے دوران کچھ تکنیکی مسائل پیدا ہوئے جسکے بعد سعودی حکومت نے یہ کام سعودی کمپنی رئیسکو کو دیدیا جسکے ایک پارٹنر پاکستانی شہری محمد عاشق بھی تھے جنھوں نے پوری دلجمعی سے بیت اللہ شریف کے دروازے کو دو سوکلو سونے سے بنایا گیا تھا اسکی تنصیب دن رات کی محنت سے پندرہ دنوں میں مکمل کی۔اس علاوہ حجر اسود کا چاندی کا خول بھی محمد عاشق کی ٹیم نے ڈیزائن اور نصب کیا ، سعودی حکومت نے محمد عاشق کوانکی خدمات کے صلے میں منہ مانگی قیمت ادا کرنے کی پیشکش کی تو محمد عاشق نے خانہ کعبہ کی وہ مٹی بطور سعادت مانگ لی جو خانہ کعبہ کے دروازے اور حجر اسود کی تنصیب کے دوران جمع ہوئی تھی جو انھیں بطور تبرک عطا بھی کی گئی، محمد عاشق سچے عاشق رسولﷺ ہیں۔ محمد عاشق کا شمار سعودی عرب میں سونے کے بڑے تاجروں میں ہوتا ہے۔