راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک)سپریم کورٹ نے ترقیاتی منصوبوں پر سیاستدانوں کی تختیاں لگانے پر ایک بار پھر پابندی عائد کر دی اور وفاقی و صوبائی حکومتوں سے 2ہفتے میں عملدرآمد رپورٹ اور خیبرپختونخوا حکومت سے ترقیاتی فنڈز آئین اور قانون کے مطابق خرچ کرنے پر رپورٹ بھی طلب کر لی۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ذاتی تشہیر اور ترقیاتی فنڈز کے معاملے پر تمام سیاسی جماعتیں ایک پیج پر ہیں،عوامی ترقیاتی منصوبوں پر ذاتی تشہیر سے متعلق کیس کی سماعت چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جسٹس نعیم اختر افغان پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کی۔سپریم کورٹ نے ریمارکس دیے کہ پاکستان جمہوری ملک ہے کوئی بادشاہت نہیں، پاکستان میں عوام کسی حکمران کی رعایا نہیں ہے، عدالت نے کہا کہ کیا عوام کا پیسہ آئین اور قانون کے برخلاف خرچ کیا جا سکتا ہے؟ سپریم کورٹ کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی جماعتیں ترقیاتی فنڈز اور تشہیر کے معاملے پر عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کر رہی ہیں، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کے مطابق وہ حکومت کو عدالتی فیصلے پر عملدرآمد کی سفارش کر چکے۔سرکاری وکلا نے یقین دہانی کرائی ہے کہ اپنی اپنی حکومتوں کو عدالتی فیصلے پر عملدرآمد کا کہیں گے۔سپریم کورٹ نے خیبرپختونخوا میں سرکاری فنڈز کی تقسیم کے حوالے سے چیف سیکریٹری کو عملدرآمد رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔