نئی دہلی(جنگ نیوز)کانگریس کے سینئر رہنما منی شنکر ائیر اپنے ایک پرانے انٹرویو کے وائرل ہونے کے بعد تنقید کی زد میں آگئے۔منی شنکر ائیر کا ایک ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ بھارت کو پاکستان کی عزت کرنی چاہیے، اس کے پاس ایٹم بم ہے،ہمارے پاس بھی ایٹم بم ہیں، لیکن اگر کوئی ’دیوانہ‘ لاہور پر بم گرانے کا فیصلہ کر لے تو تابکاری کو امرتسر پہنچنے میں 8 سیکنڈ نہیں لگیں گے، ہندوستان کو پاکستان کے ساتھ بات چیت کرنی چاہیے ورنہ ملک کو بھاری قیمت چکانا پڑ سکتی ہے۔منی شنکر نے پرانی ویڈیو میں کہا تھا کہ پاکستان کے پاس ایٹم بم ہیں جنہیں اگر ہماری حکومتوں نے ناراض کیا تو وہ ہندوستان پر گرا سکتا ہے، بھارت کو پاکستان کو عزت دینی چاہیے، اگر ایسا نہ کیا تو پاکستان بھارت پر بم گراسکتا ہے۔کانگریس لیڈر نے مزید کہا کہ ہم صرف اپنی فوجی قوت بڑھا رہے ہیں جو کہ دونوں ملکوں کے درمیان تناؤ پیدا کرے گا، ہمارے پاس بھی ایٹم بم ہیں، لیکن اگر کوئی ʼدیوانہʼ لاہور پر بم گرانے کا فیصلہ کر لے تو تابکاری کو امرتسر پہنچنے میں 8سیکنڈ نہیں لگیں گے۔منی شنکر کے ویڈیو بیان کے بعد بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے ان کے ریمارکس پر کہا ہے کہ یہ ہندوستان کے لیے کانگریس کے نظریہ کی عکاسی کرتا ہے۔