لاہور ( این این آئی)تحریک انصاف کے رہنماچوہدری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ مذاکرات ہی موجودہ بحران سے نکلنے کا واحد راستہ ہیں‘بااختیار مقتدر حلقوں کو مذاکرات کی دعوت کا مثبت جواب دینا چاہیے۔اینٹی کرپشن عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی اپنی ذات کے لئے نہیں بلکہ ملک و قوم کے لئے مذاکرات پر رضا مند ہوئے ہیں۔صرف بااختیار مقتدر حلقوں سے مذاکرات ہی نتیجہ خیز ثابت ہو سکتے ہیں‘موجودہ حالات میں مذاکرات سے انکار ملک و قوم کے ساتھ خیر خواہی نہیں ہوگی۔