کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر علی خورشیدی نے حق پرست اراکین سندھ اسمبلی افتخار عالم اور معاذ محبوب کے ہمراہ رہزنی کی واردات میں جاں بحق نجی یونیورسٹی کےطالب علم نہال کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا، علی خورشیدی نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے، سندھ حکومت کے لگائے گئے افسران خاموش تماشائی بن کر مبینہ شہر پر غیر مقامی لوگوں کی پشت پناہی کر کے وارداتیں کر وارہے ہیں،انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم نے اسٹریٹ کرائم کے مسئلے کو سیاسی نہیں انسانی مسئلہ سمجھا ہے، غیر مقامی ڈاکوؤں، غیر مقامی پولیس سے تو اس شہر کے عوام پریشان تھے ہی اور اب غیر مقامی حکمران بھی کراچی کے عوام کے زخموں پر مرہم لگانے کے بجائے نمک پاشی کرتے ہوئے اس مسئلے کو بھی سیاسی رنگ دے رہے ہیں،انہوں نے گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری اور دیگر اعلی حکام سے مطالبہ کیا کہ کراچی میں راہزنی کی وارداتوں پر فوری ایکشن لیں اور لواحقین کی دادرسی کی جائے۔