لندن (جنگ نیوز) برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے پاکستان ہاؤس لندن میں پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم اور انتظامیہ کے اعزاز میں ایک استقبالیہ کا اہتمام کیا۔ انگلش کرکٹ بورڈ کے حکام اور لندن میں مقیم پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے خواتین کرکٹ کھلاڑیوں کا پرتپاک استقبال کیا۔ ٹیم کا خیرمقدم کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ کرکٹ کے میدانوں میں ہماری خواتین کی کامیابیاں پاکستان کی خواتین میں موجود لامحدود صلاحیتوں کاثبوت اور بھر پور یاد دہانی کا کام کرتی ہیں۔ رکاوٹیں توڑ کر اور مشکلات کا سامنا کر کے، یہ خواتین صرف ایک کھیل ہی نہیں کھیل رہے بلکہ وہ معاشرے میں خواتین کے لیے مساوات کی حمایت کر رہی ہیں۔ اور ساتھ ہی آئندہ نسلوں میں خواتین کھلاڑیوں کے لیے راہ ہموار کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب اپنی خواتین کھلاڑیوں کی ٹیم اسپرٹ اور محنت کو سراہنے کے لیے اکٹھے ہوئے ہیںجو کئی چیلنجز کے باوجود کھیلوں میں اس مقام تک پہنچی ہیں۔ ہائی کمشنر نے ٹیم کو آنے والے میچوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ خواتین کی ٹیم کی کیپٹن ندا ڈار نے ہائی کمشنر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہائی کمیشن کی طرف سے میزبانی کرنا اعزاز کی بات ہے اور برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کی طرف سے اظہار محبت اور حمایت پوری ٹیم کے لیے حوصلہ افزائی کا باعث ہے۔ کپتان ندا ڈار نے ہائی کمشنر کی اہلیہ کو یادگار کے طور پر ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کی دستخط شدہ آفیشل کرکٹ ٹیم کی شرٹ پیش کی۔ پاکستان - یو کے بزنس کونسل کے صدر عطا الحق نے کہا کہ خواتین کی کرکٹ ٹیم کو جوش اور ولولے سے کھیلتے دیکھنا برطانیہ میں ہر پاکستانی کے لیے باعث فخر ہے۔ بعد ازاں، ٹیم عشائیہ پر مہمانوں کے ساتھ گھل مل گئے اور مشہور پھول پتی ٹرک آرٹ کے علمبردار علی سلمان سے ہاتھ سے پینٹ کردہ نام کی پلیٹیں بھی وصول کیں۔