• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افغانستان، سیاحوں پر حملے میں ہلاکتوں کی تعداد چھ ہوگئی، وزارت داخلہ

کابل (اے ایف پی) وسطی افغانستان کے مشہور سیاحتی مقام بامیان میں ہونے والے حملے میں مرنے والوں کی تعداد چھ ہو گئی ہے، وزارت داخلہ نے گزشتہ روز بتایا کہ فائرنگ میں تین افغان اور تین ہسپانوی شہری مارے گئے۔طالبان وزارت داخلہ کے ترجمان عبدالمتین قانی نے بتایاکہ حملے میں تین افغان شہری مارے گئے، جن میں سے ایک مجاہد (طالبان کا رکن) اور دو عام شہری تھے، انہوں نے مزید کہا کہ ہلاک اور زخمی ہونے والے تمام افراد کی حالت تشویشناک ہے،انہیں کابل منتقل کیا گیاہے۔افغانستان کی وزارت داخلہ نے جمعے کو کہا تھاکہ صوبے بامیان میں فائرنگ سے تین غیر ملکیوں سمیت چار افراد مارے گئے۔ طالبان کی وزارت داخلہ کے ترجمان عبدالمتین قانی نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ فائرنگ سے چار غیر ملکی اور تین افغان زخمی بھی ہوئے۔ان کا کہنا تھا کہ غیر ملکی سیاحت کے لیے یہاں آئے تھے۔اسپتال ذرائع کی جانب سے فراہم کردہ ابتدائی معلومات کے مطابق مرنے والے تینوں غیر ملکی ہسپانوی شہری تھے۔جبکہ زخمیوں کا تعلق ناروے، آسٹریلیا، لتھوانیا اور اسپین سے تھا۔ترجمان نے کہا کہ سیکورٹی فورسز نے حملے کے سلسلے میں چار افراد کو گرفتار کیا ہے۔ انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ آیا وہاں متعدد شوٹرز تھے۔انہوںنے ایک بیان میں کہا کہ طالبان حکومت اس جرم کی شدید مذمت کرتی ہے۔بامیان دیوہیکل بدھوں کا گڑھ سمجھا جاتا ہے اور افغانستان کا سب سے بڑا سیاحتی مقام ہے۔

دنیا بھر سے سے مزید