بریڈفورڈ (محمد رجاسب مغل) کمیونٹی رہنماؤں نے ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی ، مشرقی آذربائیجان کے گورنر ملک رحمتی، تبریز شہر کے امام جمعہ اور ولی فقیہ کے نمائندے حجت الاسلام آل ہاشم، وزیر خارجہ ڈاکٹر حسین امیرعبداللہیان، صدارتی محافظوں کی ٹیم کے سربراہ جنرل سید مہدی موسوی، حفاظتی ٹیم کے کئی دیگر ارکان اور ہیلی کاپٹر کے پائیلٹس سمیت دیگر تمام افراد کے ہیلی کاپٹر کے المناک حادثے میں جاں بحق ہونے پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی برطانیہ کے رہنماؤں قاری محمد عباس صدر مذہبی اُمور پاکستان پیپلز پارٹی برطانیہ، چیف آرگنائزر بھٹو شہید ایوارڈ کمیٹی برطانیہ و صدر پی پی پی بریڈ فورڈ، سینئر ترین رہنما سردار عبد الرحمٰن خان بریڈفورڈ، نائب صدر پی پی پی برطانیہ راجہ اے ڈی خان، سینئر نائب صدر پی پی پی خواجہ کلیم الرحمٰن مانچسٹر، چوہدری عبدالقیوم لیڈز نائب صدرپی پی پی برطانیہ، چوہدری یعقوب حسین صدر پی پی پی لیڈز برانچ، پاکستان پیپلز پارٹی کشمیر کمیٹی کے نائب صدر چوہدری عمران واحد، پاکستان پیپلز پارٹی بریڈفورڈ کے سینئرنائب صدر چوہدری عبدالقیوم ماموں، چوہدری اصغر علی چارلی سینئر نائب صدر پی پی پی یارکشائر کشمیر کمیٹی، حاجی محمد نذیر اعوان، چوہدری نذیر احمد پی آر او، چوہدری علی اکبر ہالی فیکس و دیگر پارٹی رہنماؤں نے اظہار تعزیت و افسوس کرتے ہوئے کہا ہے۔کہ ایران کے صدر کی خطہ میں امن و امان قائم کرنے کیلئے خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ سید ابراہیم رئیسی نے عالمی سطح پر غزہ کے مظلوم فلسطینیوں کے مسئلہ کو اجاگر کرنے کیلئے بھرپورکوششیں کیں۔ ایرانی صدر نے مسلم ممالک کے ساتھ بہتر ین تعلقات استوار کرنے اور باہمی اختلافات ختم کرنے کیلئے جرأت مندانہ عملی اقدامات سمیت ان ممالک کے دورے بھی کئے۔ایرانی عوام اور حکومت کیلئے ناقابل تلافی نقصان ہے ابراہیم رئیسی جیسے فراست و بصیرت ، فہم و ذکاء ، علم و معرفت اور حکمت و دانائی رکھنے والے اعلیٰ ظرف اور تعلیم یافتہ دوست صفت انسان کا اچانک حادثے سے ارتحال و انتقال کر جانا گویا کہ ایرانی عوام اور پاکستانی قوم پر غموں اور دُکھوں کے پہاڑ گرا دینے کے مترادف ہے یہ ایسا دُکھ اور صدمہ ہے جس کا مداواکسی صورت بھی ممکن نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ پچھلے ماہ پاکستانی عوام کو ان کی میزبانی کا اعزاز حاصل ہوا۔ ایرانی صدر نے اپنے دورے کے دوران دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا ۔ صدر رئیسی ہمیشہ پاکستان اور یہاں کے عوام کو خاص مقام دیتے تھے۔ پی پی پی قائدین نے کہا کہ صدر ابراہیم رئیسی پاکستان کے بہت اچھے دوست تھے، پاکستان ایک نہایت مخلص اور خوبصورت انسان سے محروم ہو گیا ہے مرحوم انتہائی خلیق و شفیق ، خوش مزاج اور نفیس شخصیت کے مالک تھے ، ان کے انتقال سے صرف ایران ہی کیلئے نہیں بلکہ پوری امت مسلمہ کے لیے ایک بہت بڑا نقصان ہے۔پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے مزید کہا ہے کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کو علاقائی اور اسلامی ممالک کے ساتھ بھائی چارہ اور تعلقات بڑھانے کی کوششوں پر ایران، پاکستان اور عالم اسلام میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ اللہ تعالیٰ صدر ابراہیم رئیسی ، وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان، مشرقی آذربائیجان کے گورنر ملک رحمتی اور اُن کے ساتھ حادثے میں شہید ہونے والے دیگر تمام شُہداء کو جنتُ الفردوس کے اعلی مقامات میں جگہ نصیب فرمائے اور شُہداء کے لواحقین کو صبر جمیل عطاء فرمائے، پاکستان کی عوام اس دُکھ اور غم کی گھڑی میں اپنے ایرانی بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔