منیلا(نیوزڈیسک)فلپائن کے ایک چھوٹے سے قصبے کی خاتون میئر پر چینی جاسوس ہونے کا الزام لگادیا گیا۔غیرملکی میڈیا کے مطابق میئر ایلس لیل نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وہ فلپائنی ہیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق میئر ایلس لیل سے ان کے چین سے مبینہ تعلقات کی تحقیقات جاری ہیں، وہ سینیٹ میں اپنے خاندانی پس منظر اور پرورش کے بارے میں پوچھے جانے پر واضح جواب دینے میں ناکام رہی تھیں۔غیرملکی میڈیا کے مطابق خاتون میئر کو ایک مجرمانہ کیس میں تحقیقات کا بھی سامنا ہے۔ایک انٹرویو کے دوران خاتون میئر نے کہا کہ میں عوام کو بتانا چاہتی ہوں کہ میں چینی جاسوس نہیں ہوں، میں فلپائنی ہوں اور مجھے اپنے ملک سے پیار ہے۔برطانوی میڈیا کے مطابق خاتون میئر نے یہ بھی کہا کہ میں اپنے چینی والد کی فلپائنی ملازمہ کے ساتھ محبت کے نتیجے میں پیدا ہونے والی بچی ہوں، میری ماں نے مجھے چھوڑ دیا تھا، یہ بہت نجی معاملہ ہے، میں کسی کو یہ نہیں بتا سکتی کہ میری اپنی ماں نے مجھے چھوڑ دیا تھا۔غیرملکی میڈیا کے مطابق اس سے قبل اس معاملے پر خاتون میئر کی خاموشی اور ان کی معصومیت کو لے کر سوشل میڈیا پر انہیں مذاق کا نشانہ بنایا جارہا تھا۔