کراچی (اسٹاف رپورٹر)کے الیکٹرک نے بجلی کی قیمت میں بڑا اضافہ مانگ لیا‘ بنیادی ٹیرف میں 10روپے69پیسے فی یونٹ اضا فے کا مطالبہ کیا گیا ہے‘ دوسری جانب ترجمان کے الیکٹرک نے کہا ہے کہ اس نے اپنے 7سالہ ملٹی ایئر ٹیرف کے سلسلے میں سپلائی ٹیرف پٹیشن جمع کروائی ہے‘ درخواست کی گئی رقم کا صارفین کے بلوں میں وصول کئے جانے والے نرخوں سے تعلق نہیں‘صارفین کے بلوں کے نرخ ملک بھر میں نافذ یکساں ٹیرف پالیسی کے تحت جاری رہیں گے۔ تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک کا اس وقت موجودہ بنیادی اوسط ٹیرف34روپے فی یونٹ بنتا ہے لیکن کے الیکٹرک کی جانب سے بجلی کا بنیادی ٹیرف 44روپے 69پیسے فی یونٹ مقرر کرنے کی استدعا کی گئی ہے‘کے الیکٹرک نے 7سال کے ملٹی ائیر ٹیرف کے تحت بنیادی ٹیرف میں اضافہ مانگا ہے، کمپنی نے 2023تا 2030کا ملٹی ائیر ٹیرف مقرر کرنے کی درخواست نیپرا میں جمع کرا دی ہے دریں اثنا ترجمان کے الیکٹرک نے کہا ہے کہ اس نے اپنے 7سالہ ملٹی ایئر ٹیرف کے سلسلے میں سپلائی ٹیرف پٹیشن جمع کروائی ہے‘ نیپرا نے شراکت داروں سے اپنی رائے کے اظہار کیلئے نوٹس جاری کیا ہے ‘ملک کی دیگر بجلی تقسیم کار کمپنیاں بھی اپنے ملٹی ایئر ٹیرف کے حساب سے اس عمل سے گذر چکی ہیں۔