کراچی (نیوز ڈیسک) امریکا ایران جنگ ہار سکتا ہے، ٹرمپ کے حامی ماہرِ سلامتی امور ڈیوڈ پائن نے انتباہ کیا کہ ایران کی جیت کیلئے صرف حکومت کا برقرار رہنا ہی کافی ہے، امریکی زمینی حملے کے بغیر جنگ کا نتیجہ بدلنا مشکل ہے, بیان سے ٹرمپ کے اپنے حامی حلقوں میں بھی ایران کے خلاف فوجی مہم کی کامیابی پر بڑھتے ہوئے شکوک کا اظہار ہوتا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق امریکہ کے قدامت پسند اور قومی سلامتی کے تجزیہ کار ڈیوڈ پائن نے خبردار کیا ہے کہ ایران کے ساتھ جاری جنگ میں امریکا بالآخر شکست کھا سکتا ہے کیونکہ ایران کے پاس جیت کا نسبتاً سادہ راستہ موجود ہے۔ ان کے مطابق اگر ایرانی حکومت جنگ کے دوران برقرار رہتی ہے اور اپنے مخالفین پر زیادہ سے زیادہ معاشی اور مالی دباؤ ڈالتی ہے تو وہ امریکا اور اسرائیل کو جنگ ختم کرنے پر مجبور کر سکتی ہے۔ پائن نے کہا کہ جب تک امریکا نصف ملین فوجیوں کے ساتھ بڑے زمینی حملے کا فیصلہ نہیں کرتا، محض فوجی برتری جنگ جیتنے کے لیے کافی نہیں ہوگی اور امریکا ہر لڑائی جیتنے کے باوجود جنگ ہار سکتا ہے جیسا کہ ویتنام میں ہوا تھا۔