کراچی( افضل ندیم ڈوگر)پنجاب حکومت کا نیا گلف اسٹریم طیارہ 8دن بعد ویانا سے رات گئے لاہور پہنچ گیا۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق گلف اسٹریم جی 500جدید طیارہ 8مارچ کو علامہ اقبال ایئرپورٹ لاہور سے آسٹریا کے دارالحکومت ویانا پہنچا تھا۔ طیارہ 8دن کے بعد اتوار کی دوپہر مقامی وقت کے مطابق 11:26بجے ویانا سے روانہ ہوا اور رات 9:30بجے لاہور پہنچ گیا۔ طیارے نے ماضی کے کال سائن "Punjab2" کی بجائے امریکی رجسٹریشن کے کال سائن سے دونوں پروازیں آپریٹ کیں۔ میڈیا کے ایک سیکشن نے خبریں پھیلائی تھیں کہ اس میں جنید صفدر اور ان کی اہلیہ سوار تھیں تاہم ان کے سفر یا ان کی موجودگی کے حوالے سے کوئی بھی ثبوت فراہم نہیں کیا جاسکا تھا۔ پنجاب حکومت نے پہلے بھی ان خبروں کو فیک نیوز قرار دیا تھا اور اتوار کو بھی اس کی سختی سے تردید کی گئی ہے۔