کراچی(اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اسلاموفوبیا کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مسلمانوں کے خلاف نفرت اور تعصب انسانیت کے بنیادی اصولوں کے منافی اور عالمی امن و ہم آہنگی کے لئے سنگین خطرہ ہےـ امتیازی سلوک، نفرت انگیزی اور تعصب کا خاتمہ وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اسلاموفوبیا انسانی حقوق اور سماجی ہم آہنگی کو کمزور کرتا ہے، اس لئے عالمی برادری کو اس رجحان کے خاتمے کے لئے مشترکہ اور مؤثر اقدامات کرنے ہوں گے۔ دہشت گردی یا انتہاپسندی کو کسی مذہب، قوم یا تہذیب سے جوڑنا ناانصافی ہے۔ دنیا کو ’’ہم اور وہ‘‘ کی سوچ سے نکل کر باہمی احترام، برداشت اور مساوات کو فروغ دینا ہوگا۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ صوفیاء کی سرزمین ہے اور یہاں ہمیشہ محبت، رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کا پیغام دیا گیا ہے۔سندھ میں تمام مذاہب کو برابر کے حقوق حاصل ہیں اور سندھ حکومت نفرت اور تعصب کی سیاست کو مسترد کرتی ہے۔