اسلام آباد (رانا غلام قادر) وزیر اعظم شہباز شریف کی زیرصدارت ہو نیوالے اجلاس کے فیصلہ کی روشنی میں کابینہ ڈویژن نے مزید کفایت شعاری اور ایندھن بچت اقدامات اور ان کی مانیٹرنگ کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ،انٹیلی جنس بیورو فیول الاٹمنٹ میں50فیصد کمی اور60فیصد سرکاری گاڑیاں کھڑی کرنے کے فیصلے کا جامع آڈٹ کریگا۔ انٹیلی جنس بیورو ہفتہ وار رپورٹ وزیر اعظم اور مانیٹرنگ کمیٹی کو پیش کرے گا،مالی بچت کو وزیر اعظم آَسٹیریٹی فنڈ 2026 میں منتقل کرنے کیلئے ذیلی کمیٹی قائم کر دی گئی ۔ نو ٹیفکیشن کے تحت اسٹیٹ اونڈ انٹرپرائزز، خودمختار و قانونی اداروں، ریگولیٹری اتھارٹیز کی اعلیٰ انتظامیہ کی تنخواہوں میں دو ماہ کیلئے کٹوتی ہو گی،چیف ایگزیکٹو افسران، ایگزیکٹو ڈائریکٹرز، ڈائریکٹرز اور سینئر مینیجرز کی مجموعی تنخواہ سے کٹوتی کا اطلاق ہوگا،تین لاکھ سے دس لاکھ روپے مجموعی تنخواہ پر دو ماہ کیلئے 5فیصد کٹوتی کی جائے گی،دس لاکھ ایک روپے سے بیس لاکھ روپے تک مجموعی تنخواہ پر 15 فیصد کٹوتی ہو گی ،بیس لاکھ ایک روپے سے تیس لاکھ روپے تک مجموعی تنخواہ پر 25فیصد کٹوتی نافذ ہو گی،تیس لاکھ روپے سے زائد مجموعی تنخواہ پر دو ماہ کیلئے 30 فیصد کٹوتی ہوگی ،تنخواہوں سے کٹوتی کی تمام رقم وزیر اعظم آَسٹیریٹی فنڈ 2026میں جمع کرائی جائے گی۔