لاہور(آئی این پی) سوشل میڈیا نے عید کارڈ بھجوانے کا رواج ختم کر دیا ہے۔چند برس قبل ماہ صیام کے آغاز کے ساتھ ہی ٍملک بھر کی طرح ٹھٹھہ صادق آباد اور اسکے مضافات کے گلیاں بازار رنگ برنگے خوبصورت عید کارڈز سے مزین اسٹالز سے سج جایا کرتے تھے، جہاں پر ہر طرح کے عید کارڈ ز دستیاب ہوتے تھے اسلامی،تاریخی،فلمی،پھولوں سے مزین عید کارڈز،فلمی ستاروں والے اور پھولوں کے ڈیزائن والے عید کارڈز بھی شامل ہوتے تھے، لوگ اپنے پسندیدہ عید کارڈز خرید کر اپنے پیاروں کو پوسٹ کیا کرتے تھے ان عید کارڈز کا اتنا رش ہوتا تھا کہ پوسٹ مین بلا شبہ بوریاں بھربھر کر تقسیم کیا کرتے تھے۔ وقت گزرنے کے ساتھ ہی انٹر نیٹ، سوشل میڈیا، واٹس ایپ،موبائل ایس ایم ایس نے عید کارڈز کی جگہ لے لی۔ جس کی وجہ سے اپنے پیاروں کو عید کارڈز بھجوانے کی روایت دم توڑ چکی ہے اور اب ماضی کی طرح عید کارڈز کے سٹالز ڈھونڈنے سے بھی نہیں ملتے ہیں۔